خیبر پختونخوا: پشاور کے ایک علاقے میں چکن گونیا وبا کی شکل اختیار کرگیا

خیبر پختونخوا: پشاور کے ایک علاقے میں چکن گونیا وبا کی شکل اختیار کرگیا

کیسز سامنے آنے کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی گئی
خیبر پختونخوا: پشاور کے ایک علاقے میں چکن گونیا وبا کی شکل اختیار کرگیا

آفتاب مہمند

|

11 Oct 2025

خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت نے سفید ڈھیری کو چکن گونیا سے متاثرہ علاقہ قرار دے دیا ہے، جہاں 16 کیسز کی لیبارٹری سے تصدیق کے بعد ہنگامی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

سیکریٹری صحت شاہداللہ کے مطابق، سفید ڈھیری کے رہائشیوں میں بخار جیسی علامات ظاہر ہونے پر ممکنہ وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ محکمہ صحت کی ٹیم نے 21 افراد کے نمونے حاصل کیے، جنہیں کے پی پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری بھیجا گیا۔ ان میں سے 16 نمونے مثبت آئے، جس کے بعد علاقے میں چکن گونیا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔

شاہداللہ کے مطابق، تصدیق کے بعد ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز (DGHS) نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پشاور کو فوری ردعمل کے اقدامات شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس سلسلے میں ڈی ایچ او دفتر میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو صورتحال کی نگرانی اور فیلڈ آپریشنز کی ہم آہنگی کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ایپیڈیمیولوجیکل تحقیقات جاری ہیں تاکہ وائرس کے منبع اور پھیلاؤ کے طریقۂ کار کا سراغ لگایا جا سکے۔

محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق، علاقے میں مچھر کی افزائش روکنے کے لیے فوگنگ اور لاروی سائیڈنگ کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی مہم بھی شروع کر دی گئی ہے، جس میں سوشل موبلائزیشن ٹیمیں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اور علامات کی پہچان سے متعلق آگاہ کر رہی ہیں۔

محکمہ صحت نے تمام مقامی اسپتالوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ تشخیصی کٹس اور ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنائیں۔

عہدیداروں کے مطابق، ڈی جی ہیلتھ سروسز خیبر پختونخوا کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹیں جمع کرائی جا رہی ہیں تاکہ وبا کی پیشرفت کی نگرانی کی جا سکے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، مچھر بھگانے والے لوشن کا استعمال کریں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔

محکمہ صحت کے ترجمان نے کہا کہ تمام تر وسائل استعمال میں لائے جا رہے ہیں تاکہ وبا کو یونین کونسل کی سطح تک محدود رکھا جا سکے اور متاثرہ افراد کی کانٹیکٹ ٹریسنگ و مسلسل نگرانی جاری ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!