ملک بھر میں جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈائون

ملک بھر میں جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈائون

کارروائیاں ایف آئی اے سے موصول ہونے والی خفیہ اطلاعات اور متعلقہ اتھارٹی کی ہدایات کی روشنی میں کی گئیں
ملک بھر میں جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈائون

Webdesk

|

15 May 2026

کراچی: وفاقی وزیرِ صحت مصطفی کمال کی ہدایت پر ملک بھر میں جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کے خلاف کریک ڈان جاری ہے، جبکہ کراچی میں گزشتہ تین ماہ کے دوران متعدد بڑی کارروائیوں میں جعلی ادویات کے نیٹ ورکس بے نقاب کر دیے گئے۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ)کراچی نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کے تعاون سے فروری تا مئی 2026 کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 10 مشترکہ چھاپے مارے، جن میں غیر قانونی ادویات تیار کرنے والے کارخانوں، غیر رجسٹرڈ انجیکشنز کی تیاری کے مراکز اور جعلی برانڈز کے گوداموں کو نشانہ بنایا گیا۔

حکام کے مطابق 18 فروری کو کلفٹن میں عباس میڈیکوز اور پی ای سی ایچ ایس کے علاقے بہادر یار جنگ میں کارروائیاں کی گئیں، جبکہ 20 فروری کو احسن آباد گڈاپ ٹان میں چھاپہ مارا گیا۔ بعد ازاں اپریل اور مئی میں جوڑیا بازار، کلفٹن، ملیر اور گلشنِ رومی سوسائٹی سمیت مختلف علاقوں میں بھی کامیاب کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ کارروائیاں ایف آئی اے سے موصول ہونے والی خفیہ اطلاعات اور متعلقہ اتھارٹی کی ہدایات کی روشنی میں کی گئیں۔ چھاپوں کے دوران مختلف بین الاقوامی برانڈز کی بڑی مقدار میں غیر رجسٹرڈ اور مشتبہ جعلی ادویات برآمد ہوئیں، جنہیں فارم-2 کے تحت ضبط جبکہ نمونے فارم-3 کے تحت حاصل کیے گئے۔

 اس سلسلے میں مقدمات بھی درج کر لیے گئے ہیں۔سینٹرل ڈرگ لیبارٹری کراچی نے ابتدائی رپورٹ میں برآمد شدہ ادویات کو غیر رجسٹرڈ قرار دے دیا ہے، جبکہ حتمی تحقیقاتی رپورٹ کے لیے کیس ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق کارروائیوں کے دوران ٹراماڈول سمیت کنٹرولڈ ڈرگز کا خام مال، پیکنگ میٹریل، مشینری اور جعلی برانڈز بھی قبضے میں لیے گئے، جبکہ متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا۔

وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور جعلی ادویات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف ڈرگ ایکٹ کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت معیاری اور محفوظ ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس مکروہ کاروبار میں ملوث تمام ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!