پنجاب کے بچوں میں آٹزم تیزی سے پھیلنے کا انکشف

ویب ڈیسک
|
11 Oct 2025
پنجاب کی وزیرِاعلیٰ مریم نواز کی زیرِ صدارت خصوصی تعلیم سے متعلق اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ مریم نواز آٹزم اسکول میں پانچ ہزار سے زائد بچوں کا داخلہ مکمل ہو گیا ہے۔
اجلاس کے دوران وزیرِاعلیٰ نے اعلان کیا کہ غریب اور مستحق بچوں کو اسکول میں مفت تعلیم اور تھراپی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے خصوصی بچوں کو ”ہمت کارڈ پروگرام“ میں شامل کرنے کی بھی اصولی منظوری دے دی۔
پنجاب حکومت نے اسکول کی تعلیمی اور تھراپی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے عالمی سطح کے ماہرینِ آٹزم کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ طلبہ کے لیے 48 نئی بسوں کی خریداری کی بھی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں اسکول کے طلبہ، اساتذہ اور عملے کے یونیفارم اور عمارت کے ڈیزائن کی منظوری بھی دی گئی، جب کہ آٹزم ریسورس سینٹر کے لیے 13 رکنی بورڈ آف گورنرز اور تین سالہ حکمتِ عملی منصوبہ تشکیل دیا گیا۔
وزیرِاعلیٰ کی معاونِ خصوصی سنیہ عاشق نے بتایا کہ ملک کے پہلے آٹزم اسکول میں جدید عالمی تحقیق پر مبنی نصاب نافذ کیا جا رہا ہے، جس میں اسلامی و اخلاقی تعلیم، زبان، زندگی کے عملی امور، فزیکل ایجوکیشن، ٹیکنالوجی اور سماجی تربیت جیسے مضامین شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسکول میں اوپن جم، واکنگ ٹریک، سینسری گارڈن اور ساؤنڈ تھراپی سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں، تاکہ بچوں کو بہتر ماحول اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
Comments
0 comment