سکون کی نیند لینا چاہتے ہیں تو یہ کھائیں!!

ویب ڈیسک
|
24 Mar 2025
جاپان میں ہونے والی ایک تحقیق میں پُرسکون نیند کا طریقہ اور وجہ بتادی گئی ہے۔
ایک نئی تحقیق کے مطابق پروٹین اور فائبر سے بھرپور غذائیں نہ صرف پرسکون نیند لانے میں مددگار ہیں بلکہ نیند کے معیار کو بھی بہتر بناتی ہیں۔
جاپان کی یونیورسٹی آف سوکوبا کے محققین کی جانب سے کی جانے والی تحقیق میں 4,825 افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ شرکاء نے نیند اور غذا کی عادات کو ٹریک کرنے کے لیے موبائل ایپس کا استعمال کیا تھا۔
تحقیق کے نتائج سے پتہ چلا کہ جو لوگ اپنی خوراک میں چکنائی اور سوڈیم کی زیادہ مقدار استعمال کرتے ہیں، ان کی نیند کا دورانیہ کم ہوتا ہے۔
دوسری طرف، پروٹین اور فائبر سے بھرپور غذائیں زیادہ نیند کے وقت سے منسلک تھیں۔ محققین کے مطابق، فائبر کی زیادہ مقدار نہ صرف جلدی سونے میں مدد دیتی ہے بلکہ نیند کے دوران بیدار ہونے کے امکانات کو بھی کم کرتی ہے۔
تحقیق میں یہ بھی پایا گیا کہ جو لوگ پروٹین سے بھرپور غذائیں کھاتے ہیں، وہ ہر رات اوسطاً ایک چوتھائی گھنٹے سے کچھ زیادہ نیند لیتے ہیں۔
محققین کا کہنا ہے کہ پروٹین کا زیادہ استعمال دماغ میں میلاٹونن اور سیروٹونن جیسے کیمیائی میسنجرز کی پیداوار کو بڑھاتا ہے، جو نیند کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اسی طرح، فائبر کی مقدار آنتوں کے بیکٹیریا پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے، جو صحت مند نیند سے جڑا ہوا ہے۔
ماضی کی تحقیقات میں بھی فائبر اور نیند کے معیار کے درمیان تعلق سامنے آچکا ہے، لیکن اس نئی تحقیق میں اس بات پر مزید روشنی ڈالی گئی ہے کہ غذائی عادات نیند کے معیار کو کیسے متاثر کرتی ہیں۔
محققین کا مشورہ ہے کہ اگر آپ اپنی نیند کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تو اپنی خوراک میں پروٹین اور فائبر کی مقدار بڑھائیں، جبکہ چکنائی اور سوڈیم کے استعمال کو محدود کریں۔
Comments
0 comment