سندھ میں بڑی تعداد میں ایڈز کے نئے کیسز سامنے آنے کا انکشاف
Webdesk
|
24 Jun 2024
کراچی: سندھ میں ہر ماہ ڈھائی سو سے زائد ایڈز کے نئے کیسز سامنے آنے کا انکشاف ہوا، اس سال ایچ آئی وی کے 1300سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں ایڈز تیزی سے پھیلنے لگا، ہر ماہ ڈھائی سو سے زائد نئے کیسز سامنے آنے کا انکشاف ہوا ہے۔
اس سال ایچ آئی وی کے تیرہ سو سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں، نئے کیسز میں بچوں کی تعداد دس سے پندرہ فیصد ہوتی ہے۔
زیادہ کیسز لاڑکانہ، حیدرآباد، میرپورخاص اور کراچی سے رپورٹ ہوئے ہیں، حکام کے مطابق جنوری میں ایچ آئی وی کے257 اور فروری میں 256 کیس سامنے آئے تھے۔میرپور خاص میں جنوری سے جون تک 27 بچے ایچ آئی وی میں مبتلا ہوئے۔
خیال رہے ملک میں نہ صرف منشیات استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے بلکہ منشیات کے عادی افراد میں ایچ آئی وی پھیلنے کی شرح ہر دوسرے سال دگنی ہوتی جارہی ہے جو ارباب اقتدار کیلیے لمحہ فکریہ ہے۔
یہ وائرس کئی سال تک خاموشی سے جسم کے مدافعتی نظام کے خلاف اپنا کام کرتا رہتا ہے اور ایک وقت ایسا آتا ہے جب یہ اس امیون سسٹم کو ناکارہ بنا دیتا ہے اور مہلک بیماری میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
Comments
0 comment