لاہور میں پرندہ مارکیٹ منہدم ہونے پر اداکارہ یشما گل بھڑک اٹھیں

لاہور میں پرندہ مارکیٹ منہدم ہونے پر اداکارہ یشما گل بھڑک اٹھیں

یشما گل کی انتظامیہ کے اقدامات پر شدید تنقید
لاہور میں پرندہ مارکیٹ منہدم ہونے پر اداکارہ یشما گل بھڑک اٹھیں

ویب ڈیسک

|

8 Nov 2025

معروف اداکارہ یشما گِل نے لاہور میں پالتو جانوروں اور پرندوں کے بازار کے انہدام پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ظالمانہ اور غیر انسانی اقدام قرار دیا ہے، جہاں اطلاعات کے مطابق ہزاروں جانور اور پرندے ملبے تلے دب کر ہلاک ہوگئے۔

یشما گِل نے انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) اور متعلقہ حکام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ منافقت ہے کہ ایک شہر جو جنگلی حیات کے تحفظ کا دعویدار ہے، وہی بے زبان مخلوق پر ایسی بربریت کرے۔

ذرائع کے مطابق، داتا دربار کے قریب پالتو جانوروں اور پرندوں کی مارکیٹ کو بدھ کی صبح ایل ڈی اے کی جانب سے اچانک مسمار کر دیا گیا۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہیں کسی قسم کا پیشگی نوٹس نہیں دیا گیا، جس کے باعث سینکڑوں جانور ملبے تلے دب گئے۔

یشما گِل نے کہا کہ چاہے عمارت غیر قانونی ہی کیوں نہ ہو، جانوروں کو سزا نہیں ملنی چاہیے۔ وہ جائیداد نہیں، زندہ مخلوق ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قانون کسی عمارت کے بارے میں کچھ بھی کہے، ظلم کی اجازت نہیں دیتا۔ لاہور کے اس آپریشن نے صرف دکانیں نہیں گرائیں بلکہ سانس لیتی زندگیاں مٹی میں دفن کر دیں پرندے، پپّیز، خرگوش، سب بغیر کسی موقع کے ختم کر دیے گئے۔

اسی دوران، تحیرہ اینیمل ویلفیئر فاؤنڈیشن سمیت مختلف جانوروں کے حقوق کے کارکنوں نے بھی اس کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔ 

فاؤنڈیشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر مارکیٹ غیر قانونی تھی تو اسے گرا دو، لیکن پہلے ان ننھی جانوں کو محفوظ جگہ منتقل کرو۔ بلیاں، کتے، پرندے اور خرگوش مجرم نہیں تھے وہ رحم کے محتاج جاندار تھے۔

جانوروں کے تحفظ کے لیے سرگرم تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!