شادی کے بعد وزن بڑھنے پر حاملہ ہونے کی افواہیں پھیل گئیں، اریبہ حبیب

Webdesk
|
25 Aug 2025
کراچی: ماڈل و اداکارہ اریبہ حبیب نے شادی کے بعد وزن بڑھنے پر لوگوں کی جانب سے پھیلائی جانے والی حاملہ ہونے کی افواہوں پر کھل کر اپنی رائے دی۔
اریبہ حبیب نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔اداکارہ نے بتایا کہ ایوارڈ کچھ نہیں ہوتا، اصل چیز انعام ہوتا ہے کہ لوگ آپ کا کام دیکھ کر آپ کے بارے میں اچھی باتیں کریں۔
اریبہ حبیب کے مطابق انہوں نے کئی سینئر اداکاروں کی دکھ بھری کہانیاں سنی ہیں جن کے شیلف ایوارڈز سے بھرے پڑے ہیں لیکن ان کے پاس اپنے علاج کے پیسے نہیں ہیں، اسی لیے ایسے ایوارڈز انہیں نہیں چاہئیں، ان کے بقول اس سے بہتر ہے کہ انسان وہ ایوارڈ خود کہیں سے خرید لے۔
ان کا کہنا تھا کہ اصل ایوارڈ بینک اکانٹ ہوتا ہے اور وہ اچھی باتیں جو لوگ آپ کے پیٹھ پیچھے کرتے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شادی کے بعد ویزہ وغیرہ حاصل کرنے کے لیے وہ اداکاری سے دور ہوگئی تھیں، اس دوران وہ کچھ عرصے کے لیے بیرون ملک رہیں اور زندگی کے مزے لے رہی تھیں۔
اریبہ حبیب نے مزید کہا کہ بیرون ملک رہنے کے دوران ان کا وزن بھی کچھ بڑھ گیا تھا، جب وہ واپس پاکستان آئیں اور انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکائوئنٹ پر ایک تصویر پوسٹ کی تو ان کا فربہ جسم دیکھ کر لوگوں نے فورا یہ افواہ پھیلا دی کہ وہ حاملہ ہیں، جب کہ ایسا کچھ نہیں تھا۔
Comments
0 comment