سال 2025 سلمان خان کیلیے ناکام، بالی ووڈ کیلیے یہ کیسا رہا؟

سال 2025 سلمان خان کیلیے ناکام، بالی ووڈ کیلیے یہ کیسا رہا؟

رواں برس ایک نمایاں رجحان یہ بھی رہا کہ سینما میں ناکامی کے بعد متعدد فلمیں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ریلیز ہوئیں
سال 2025 سلمان خان کیلیے ناکام، بالی ووڈ کیلیے یہ کیسا رہا؟

Webdesk

|

29 Dec 2025

ممبئی: بالی ووڈ کے لیے سال 2025 ایک متضاد اور ہنگامہ خیز سال ثابت ہوا، جہاں ایک طرف سو سے زائد فلمیں سینما گھروں کی زینت بنیں تو دوسری جانب بڑے نام اور بھاری بجٹ بھی کامیابی کی ضمانت نہ بن سکے۔ سلمان خان، کپل شرما اور دیگر معروف ستاروں کی کئی فلمیں توقعات پر پورا نہ اتر سکیں، تاہم اس کے باوجود چند فلموں نے باکس آفس پر تاریخ رقم کی اور کئی ناکام فلموں کو او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر نئی زندگی مل گئی۔

رواں برس ایک نمایاں رجحان یہ بھی رہا کہ سینما میں ناکامی کے بعد متعدد فلمیں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ریلیز ہوئیں، جہاں ناظرین نے انہیں خاصی پذیرائی دی۔ اس کے ساتھ ساتھ 2025 میں بھی بعض ایسی فلمیں منظرِ عام پر آئیں جن پر پاکستان مخالف بیانیے کو فروغ دینے کے الزامات لگتے رہے، جن میں ’دھرندھر‘ نمایاں مثال بن کر سامنے آئی۔

دھرندھر:
250 کروڑ روپے کے بھاری بجٹ سے بننے والی فلم ’دھرندھر‘ نے باکس آفس پر غیر معمولی کامیابی حاصل کی۔ فلم نے بھارت میں 707 کروڑ سے زائد جبکہ دنیا بھر میں مجموعی طور پر 907 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کر کے سال کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں اپنی جگہ بنالی۔

چھاوا:
سال 2025 کی سب سے بڑی باکس آفس کامیابی ’چھاوا‘ کے نام رہی۔ وکی کوشل، رشمیکا مندانا اور اکشے کھنہ کی اداکاری سے سجی اس فلم کی ہدایتکاری لکشمن اُتیکر نے کی، جبکہ یہ میڈاک فلمز کے بینر تلے بنائی گئی۔
فلم میں چھترپتی سبھاجی مہاراج کی زندگی اور چھترپتی شیواجی مہاراج کے بعد اقتدار سنبھالنے کے سفر کو مرکزی موضوع بنایا گیا، جسے ناظرین اور ناقدین دونوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔

سیارا:
رومانس سے بھرپور فلم ’سیارا‘ نے ریلیز کے ساتھ ہی باکس آفس پر دھوم مچا دی۔ نئی اور غیر معروف کاسٹ کے باوجود فلم نے ابتدائی دنوں میں ہی 100 کروڑ کلب میں شمولیت اختیار کر لی۔
ہدایتکار موہت سوری کی اس فلم میں آہان پانڈے اور انیت پڈا نے مرکزی کردار ادا کیے، جو دونوں کی ڈیبیو فلم تھی۔ مضبوط اسکرپٹ، مؤثر کرداروں اور شاندار ہدایتکاری نے اسے بلاک بسٹر بنا دیا۔

18 جولائی کو ریلیز ہونے والی یہ فلم محض 50 کروڑ کے بجٹ میں تیار کی گئی تھی، جس نے پہلے ہی دن 29 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔ بھارت میں فلم نے 398 کروڑ جبکہ دنیا بھر میں 570 کروڑ روپے سے زیادہ کمائی کی۔

وار 2:
ہریتھک روشن اور ٹائیگر شروف کی 2019 کی ہٹ فلم ’وار‘ کے سیکوئل سے بڑی توقعات وابستہ تھیں، مگر ’وار 2‘ ان پر پورا نہ اتر سکی۔ اگرچہ فلم کو فلاپ قرار دیا گیا، تاہم بھاری بجٹ اور بڑے ناموں کی بدولت یہ دیگر کئی فلموں کے مقابلے میں بہتر بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔

ہاؤس فل 5:
ہاؤس فل فرنچائز کی پانچویں فلم بھی کامیابی حاصل نہ کر سکی، مگر بڑے بجٹ اور اسٹار کاسٹ کی وجہ سے اس نے باکس آفس پر مناسب کمائی کی۔ مجموعی آمدن کے لحاظ سے یہ فلم رواں سال کی پانچویں بڑی فلم کے طور پر سامنے آئی۔

مجموعی طور پر 2025 نے یہ واضح کر دیا کہ اب بالی ووڈ میں صرف بڑے نام یا بھاری بجٹ کامیابی کی ضمانت نہیں رہے۔ ناظرین کی توجہ جیتنے کے لیے مضبوط کہانی، مؤثر کردار اور معیاری ہدایتکاری ناگزیر ہو چکی ہے، جبکہ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز فلمی صنعت کے لیے ایک متبادل اور مؤثر میدان بن کر ابھر رہے ہیں۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!