14 hours ago
توہین مذہب مقدمے میں رجب بٹ کو کراچی کی عدالت سے بھی ریلیف مل گیا
ویب ڈیسک
|
19 Dec 2025
کراچی کی مقامی عدالت نے جمعہ کے روز یوٹیوبر رجب بٹ کی توہین مذہب مقدمے میں منظور کرتے ہوئے انہیں ریلیف فراہم کر دیا۔
تفصلات کے مطابق رجب بٹ نے مقدمے میں عدالت کے سامنے پیش ہو کر خود کو سرینڈر کیا تھا، جس کے بعد ان کی ضمانت پر سماعت ہوئی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ (سینٹرل) نے رجب بٹ کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے ضمانت منظور کی۔ عدالت نے یہ کیس اس وقت سنا جب رجب بٹ اسلام آباد ہائی کورٹ سے حاصل کی گئی حفاظتی ضمانت کے بعد کراچی کی عدالت میں پیش ہوئے۔
رجب بٹ کے خلاف کراچی میں مذہبی جذبات مجروح کرنے کے الزام میں مقدمہ درج ہے، جس میں انہیں اس سے قبل اشتہاری بھی قرار دیا جا چکا تھا۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد سیشن جج نے ان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے عبوری ریلیف دے دیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور کی ایک سیشن عدالت نے بھی یوٹیوبر رجب بٹ اور ٹک ٹاکر ندیم مبارک، المعروف ندیم نانی والا، کو آن لائن جوئے کی ایپس کی مبینہ تشہیر کے کیس میں عبوری قبل از گرفتاری ضمانت دی تھی۔ اس کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج منصور احمد قریشی نے کی تھی، جنہوں نے ملزمان کو تفتیش میں شامل ہونے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت تک گرفتاری سے روک دیا تھا۔
اسی جوئے سے متعلق مقدمے میں یوٹیوبر سعد الرحمٰن، المعروف ڈکی بھائی، کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔ ڈکی بھائی کو 17 اگست کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا، تاہم گزشتہ ماہ عدالت نے انہیں بھی ضمانت پر رہا کر دیا تھا۔
Comments
0 comment