عمران خان کا آرمی چیف کو تیسرا خط، فوج کو سیاست سے علیحدہ کرنے کی اپیل

ویب ڈیسک
|
13 Feb 2025
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کو تیسرا کھلا خط لکھ دیا۔
عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری خط کے نکات میں عمران خان نے مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
بانی پی ٹی آئی نے خط میں فوج سے اپیل کی کہ وہ سیاسی معاملات سے خود کو علیحدہ کر کے اپنی آئینی ذمہ داریوں پر توجہ دے۔ عمران خان نے خط میں سیاسی اور معاشی بحران پر بھی تبصرہ کیا ہے۔
فوج کی ساکھ کی بحالی
عمران خان نے زور دیا کہ فوج کی ساکھ کو بحال کرنا ضروری ہے، کیونکہ عوام اور فوج کے درمیان موجود خلیج ملکی مفادات کے لیے نقصان دہ ہے۔ یہ خلیج اُسی صورت دور ہوسکتی ہے جب فوج آئین میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داری انجام دے۔
انتخابی دھاندلی
انہوں نے خط میں الزام لگایا کہ اسٹیبلشمنٹ نے دھاندلی کے ذریعے ناکام چہروں کو ملک پر مسلط کیا ہے، جس سے ملک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
جمہوریت کا خاتمہ
عمران خان نے کہا کہ جمہوریت کے تمام ستونوں کو تباہ کر دیا گیا ہے، جس میں خودمختار عدلیہ، آزاد میڈیا، اور انسانی حقوق شامل ہیں۔
ترجیحات کی غلط سمت
عمران خان نے لکھا کہ ملک کو بنیادی ڈھانچے میں اصلاحات کی ضرورت ہے، لیکن موجودہ حکومت کے پاس نہ تو عوامی مینڈیٹ ہے اور نہ ہی اخلاقی طاقت ہے۔
عمران خان نے ملک میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا دعویٰ کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ صورتحال ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہی ہے۔
عمران خان نے خط کے آخر میں فوج سے اپیل کی کہ وہ سیاست سے علیحدہ ہو کر اپنی آئینی ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کرے، تاکہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام بحال ہو سکے۔
Comments
0 comment