عمران خان کے علاج پر پی ٹی آئی کے تحفظات غیر اہم ہیں، حکومت

1 hour ago

عمران خان کے علاج پر پی ٹی آئی کے تحفظات غیر اہم ہیں، حکومت

پی ٹی آئی نے انسانی حقوق کی تنظیموں کو خط لکھ دیا
عمران خان کے علاج پر پی ٹی آئی کے تحفظات غیر اہم ہیں، حکومت

ویب ڈیسک

|

30 Jan 2026

حکومت نے عمران خان کی آنکھ کے علاج پر پی ٹی آئی کے خدشات کو غیر اہم قرار دے دیا۔

حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کی آنکھ کے علاج سے متعلق اٹھائے گئے خدشات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کو بلاوجہ بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ دوسری جانب پی ٹی آئی نے عمران خان کی مبینہ جیل میں حالت سے متعلق عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کو خط لکھ دیا ہے۔

عمران خان اگست 2023 سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور اس وقت 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کاٹ رہے ہیں، اس کے علاوہ وہ 9 مئی 2023 کے احتجاج سے متعلق انسدادِ دہشت گردی کے دو مقدمات کا بھی سامنا کر رہے ہیں۔

حالیہ دنوں میں پی ٹی آئی کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ عمران خان کی آنکھ کی حالت تشویشناک ہے اور جیل انتظامیہ علاج میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔ پارٹی قیادت نے مطالبہ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم کو فوری اور مکمل طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

بدھ کے روز پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر سمیت اپوزیشن رہنماؤں نے اس بات پر احتجاج کیا کہ عمران خان کو اہل خانہ یا پارٹی قیادت کو اطلاع دیے بغیر اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اس بات کی تصدیق کی کہ عمران خان کو مختصر وقت کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ یہ کوئی غیر معمولی معاملہ نہیں بلکہ ایک معمول کا طبی عمل تھا، جسے سیاسی رنگ دے دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل کا اسپتال مختلف بیماریوں کے علاج کی صلاحیت رکھتا ہے اور ڈاکٹرز ہمہ وقت دستیاب ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی مرحلے پر مزید سہولیات یا دوسرے ماہرین کی رائے درکار ہو تو مریض کو اسپتال منتقل کیا جاتا ہے، لہٰذا اس معاملے کو غیر ضروری طور پر اچھالا جا رہا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور دیگر عالمی اداروں کو ایک کھلا خط لکھا ہے، جس میں عمران خان کے خلاف بنیادی انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اگر عمران خان نے طبی سہولت کی درخواست کی ہے تو ان کے اہل خانہ اور ذاتی معالجین کو فوری طور پر ملاقات کی اجازت دی جائے۔ پی ٹی آئی نے عمران خان کی صحت اور مقام سے متعلق معلومات کو خفیہ رکھنا عالمی قیدی اصولوں، بالخصوص نیلسن منڈیلا رولز کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!