فنگر پرنٹس کا معاملہ، نادرا نے شہریوں کا دیرینہ مسئلہ حل کردیا
ویب ڈیسک
|
31 Dec 2025
نادرا نے شہریوں کو درپیش فنگر پرنٹس کی تصدیق کے مسائل کے حل کے لیے ایک نئی اور آسان سہولت متعارف کرا دی ہے۔
اس اقدام کے تحت اب بزرگ افراد اور وہ شہری جو طبی وجوہات کی بنا پر فنگر پرنٹس فراہم نہیں کر سکتے، چہرے کی شناخت کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کروا سکیں گے۔
نادرا کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایات پر قومی شناختی کارڈ سے متعلق قواعد میں تبدیلی کی گئی ہے، جس کے بعد بائیومیٹرک تصدیق کے دائرہ کار کو وسیع کر دیا گیا ہے۔
اسی سلسلے میں پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر بھی فیس ریکگنیشن کی سہولت شامل کر دی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ 20 جنوری سے ملک بھر کے نادرا مراکز میں شہری معمولی فیس ادا کر کے چہرے کی شناخت پر مبنی بائیومیٹرک سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔ جن افراد کے فنگر پرنٹس کی تصدیق ممکن نہ ہو، وہ قریبی نادرا دفتر جا کر یہ عمل مکمل کروا سکیں گے۔
جاری کیے جانے والے سرٹیفکیٹ میں شہری کی تصویر، نام، شناختی کارڈ نمبر، ولدیت، منفرد ٹریکنگ آئی ڈی اور کیو آر کوڈ شامل ہوگا، جبکہ یہ دستاویز سات دن تک مؤثر رہے گی۔
نادرا کا کہنا ہے کہ اس نئی سہولت کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور سرکاری و نجی اداروں کو بھی اس حوالے سے ضروری اقدامات کی درخواست کی جا چکی ہے۔ 20
جنوری کے بعد شہری اس سہولت سے متعلق کسی بھی مسئلے کی شکایت متعلقہ ادارے یا محکمے میں درج کروا سکیں گے۔
نادرا کے مطابق ڈیجیٹل شناختی نظام کے مکمل نفاذ کے بعد یہ سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی باقاعدہ طور پر دستیاب ہوگی۔
Comments
0 comment