11 hours ago
عمران خان کی بہن کو عدالت سے ریلیف مل گیا

ویب ڈیسک
|
13 May 2025
اسلام آباد ہائی کورٹ نے منگل کے روز علیمہ خان کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) اور پروویژنل نیشنل آئیڈینٹیفیکیشن لسٹ (پی این آئی ایل) سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے علیمہ خان کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے علیمہ خان کو بیرون ملک جانے کے لیے ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت بھی کی۔
عدالت میں علیمہ خان کے وکیل ایڈووکیٹ علی بخاری، خالد یوسف چوہدری اور نیاز اللہ نیازی پیش ہوئے۔
عدالتی فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ان کا نام بیس ماہ قبل ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج عدالت نے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ دے دیا ہے اور اب وہ دیکھیں گی کہ اس فیصلے پر عملدرآمد ہوتا ہے یا نہیں۔
انہوں نے پنجاب حکومت اور شریف خاندان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مودی سے لڑنے کے بجائے ان سے لڑ رہے ہیں۔ علیمہ خان نے زور دیا کہ 25 کروڑ عوام ایک ساتھ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شریف خاندان کو بانی پی ٹی آئی سے دشمنی نہیں بلکہ ڈر ہے۔
علیمہ خان نے سوال اٹھایا کہ کیا شہباز شریف بانی پی ٹی آئی کو فون نہیں کر سکتے؟ ایک صحافی کے سوال پر کہ کیا بانی پی ٹی آئی نے جنید اکبر کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے استعفیٰ دینے کا کہا ہے، علیمہ خان نے کہا کہ وہ کل سے اپ لوگوں کی رپورٹنگ دیکھ کر حیران ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جنید اکبر پر مزید بھروسہ کر کے تحریک چلانے کی ذمہ داری سونپی تھی۔ علیمہ خان نے کہا کہ میڈیا کو لگتا ہے کہ عہدہ بہت بڑی چیز ہے، لیکن بانی پی ٹی آئی کے لیے تحریک بڑی چیز ہے اور تحریک انصاف کے لیے تحریک سے بڑھ کر کچھ نہیں۔
علیمہ خان نے موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مودی کو جو تھپڑ لگے ہیں، بءارت اس کا بدلہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کو جواب دینے کے لیے بانی پی ٹی آئی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ علیمہ خان نے خواجہ آصف کے بیان پر کہ بھارت سے کشمیر میں جاری دہشت گردی پر بات چیت ہوگی، تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے انہیں سننے میں غلطی ہوئی ہو اور اس حوالے سے خواجہ آصف سے وضاحت لے لیں۔
Comments
0 comment