عمران خان کی شیر افضل مروت کو پارٹی میں شمولیت کی پیش کش

عمران خان کی شیر افضل مروت کو پارٹی میں شمولیت کی پیش کش

شیر افضل مروت کے دعوے پر کارکنان کا واپسی پر اصرار
عمران خان کی شیر افضل مروت کو پارٹی میں شمولیت کی پیش کش

ویب ڈیسک

|

16 Oct 2025

سابق پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے انکشاف کیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے انہیں دوبارہ پارٹی میں شمولیت کی پیش کش کی ہے، تاہم انہوں نے اس پیش کش کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔

 مروت کے مطابق وہ پارٹی سے اپنی چوتھی بار ممکنہ بے دخلی کے خدشے کے ساتھ سیاست میں آگے نہیں بڑھ سکتے۔

شیر افضل مروت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ انہیں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے پیغام ملا کہ وہ انہیں دوبارہ پارٹی میں شامل دیکھنا چاہتے ہیں، مگر انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب وہ "عقل، تدبر اور دانائی" کے زیر سایہ سیاست کا نیا سفر شروع کریں گے۔

شیر افضل مروت نے اعتراف کیا کہ گزشتہ تین برسوں میں انہیں پی ٹی آئی سے تین بار نکالا گیا اور ہر بار کارکنوں کے بھرپور ردِعمل کے باعث واپس لیا گیا۔ ان کے بقول یہ تین سال ان کے لیے ایسے سبق ثابت ہوئے جو عام طور پر سیاست دان دہائیوں میں سیکھتے ہیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف سوشل میڈیا پر منظم کردارکشی کی گئی جس کا زخم وہ آج بھی محسوس کرتے ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ کارکنوں کی محبت کے باوجود پی ٹی آئی میں ان کی واپسی کا راستہ مستقل طور پر بند ہوگیا ہے۔

مروت نے مزید کہا کہ سیاست میں خاموشی بھی ایک بیانیہ ہوتی ہے، اور ان کا بیانیہ اب وقار، خودداری اور سکونِ دل ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے بیان پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کی چند شخصیات میں سے ہیں جنہیں وہ حقیقی احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں۔

آخر میں شیر افضل مروت نے کہا کہ وہ اب اپنی راہ تقدیر کے حوالے کر چکے ہیں، کیونکہ تاریخ اکثر خاموش قدموں سے لکھی جاتی ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!