عمران ریاض امانت میں خیانت مقدمے میں بری، پولیس نے دوسرے میں گرفتاری ڈال دی
ویب ڈیسک
|
13 Jun 2024
عدالت نے معروف صحافی، اینکر و یوٹیوبر عمران ریاض کے کو امانت میں خیانت کے مقدمے سے بری کیا تاہم انہیں پولیس نے دوسرے کیس میں گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل کورٹ لاہور میں صحافی و اینکر عمران ریاض کو امانت میں خیانت کے مقدمے کی سماعت ہوئی جس میں تھانہ نشتر کالونی پولیس نے عمران ریاض کو ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد پیش کیا۔
عمران ریاض کے وکلا میاں علی اشفاق اور اظہر صدیق نے بھرپور انداز سے دلائل دیے جس کی بنیاد پر عدالت نے انہیں مقدمے سے بری کر کے رہا کرنے کا حکم دیا بعد ازاں پولیس نے تھانہ سرور روڈ میں درج کار سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں انہیں گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق عمران ریاض نے لاہور ایئرپورٹ پر ساتھیوں سمیت چیک پوسٹ پر ویڈیو بنائی اور اہلکاروں کو سرکاری امور سے روکتے ہوئے کار سرکار میں مداخلت کی تھی۔
اُدھر لاہور ہائی کورٹ نے عمران ریاض کے خلاف درج مقدمے کے گواہ ڈاکٹر ارشد کو بازباب کروا کے کل عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔ عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل پنجاب، پراسیکیوٹر پنجاب کو عدالتی حکم پر عملدرآمد کی ہدایت بھی کی۔
عمران ریاض کے وکیل نے بتایا کہ ڈاکٹر ارشد عمران ریاض کے مقدمے میں بیان قلم بند کرنے ماڈل ٹاؤن کچہری پہنچے تو پولیس نے انہیں عدالت آنے سے قبل روک کر حبس بیجا میں رکھا، عمران ریاض کے خلاف درج مقدمے میں پولیس نے بدنیتی سے ڈاکٹر راشد کو گواہ کے طور پر ظاہر کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مغوی ڈاکٹر راشد نہ تو مدعی مقدمہ سے واقف ہے نہ ہی عمران ریاض کو جانتا ہے۔
Comments
0 comment