عیدالاضحی کے دوران شدید گرمی کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا
Webdesk
|
22 May 2026
کراچی: محکمہ موسمیات نے عیدالاضحی کے موقع پر سندھ بھر میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو سے متعلق اہم پیشگوئی جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 25 سے 31 مئی کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں، جبکہ کئی شہروں میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 مئی سے بالائی فضائوں میں ہائی پریشر سسٹم بننے کا امکان ہے جو 26 مئی تک مزید مضبوط ہو جائے گا۔ اس موسمی نظام کے زیرِ اثر سندھ کے مختلف علاقوں میں درمیانی سے شدید نوعیت کی ہیٹ ویو صورتحال پیدا ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اندرونِ سندھ کے کئی اضلاع شدید گرمی سے سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔ سکھر، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موہن جو دڑو، دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور اور نوشہرو فیروز میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح تھرپارکر، بدین، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، عمرکوٹ، میرپورخاص، جامشورو اور سانگھڑ میں بھی شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے جہاں پارہ 44 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
دوسری جانب کراچی کے شہریوں کے لیے نسبتاً اطمینان بخش صورتحال بتائی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں شدید ہیٹ ویو کا امکان نہیں تاہم موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔
ماہرین کے مطابق سمندری ہوائوں اور ہوا میں نمی کے تناسب کے باعث کراچی میں گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس ہو سکتی ہے۔
صبح کے اوقات میں نمی کا تناسب 70 سے 80 فیصد جبکہ شام کے وقت 55 سے 65 فیصد تک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے حبس میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو شدید گھٹن کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور خواتین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کریں اور کھلے مقامات پر کام کرنے والے افراد خصوصی احتیاط برتیں۔
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے دوران ہیٹ اسٹروک، پانی کی کمی، بے ہوشی اور دیگر طبی مسائل میں اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔
Comments
0 comment