بہادر مسلح افواج نے بے مثال پیشہ ورانہ مہارت سے وطن عزیز کا دفاع کیا، نواز شریف

ویب ڈیسک
|
17 May 2025
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے بے مثال پیشہ ورانہ مہارت اور عظیم عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن عزیز کا دفاع کیا۔
یہ بات انہوں نے سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی کے لیڈر اور قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی سے رائیونڈ میں ملاقات کے دوران کہی۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے مسلم لیگ (ن) کے صدر کو پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ پیش کی۔
نواز شریف نے ملاقات کے دوران کہا کہ قومی سلامتی کے معاملے پر تمام سیاسی اختلافات کو نظرانداز کرتے ہوئے متحد ہو کر ایک آواز میں بولنا ایک خوش آئند قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اراکین نے 24 کروڑ پاکستانیوں کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے مسلح افواج کا حوصلہ بڑھایا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں جنہوں نے ملک کو اس امتحان میں کامیاب کیا۔ انہوں نے پاکستانی میڈیا کی بھی تعریف کی جس نے تنازعے کے دوران سچائی پر مبنی بیانیہ پیش کرتے ہوئے دشمن کے پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا۔
نواز شریف نے زور دیا کہ ملکی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے قوم کا ہر شعبہ یکجا ہو کر کام کرے تو کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔
انہوں نے کشیدگی کے موقع پر پارلیمنٹ کے متحد اور توانا کردار کو بھی سراہا۔
Comments
0 comment