14 hours ago
بھارت کے 3 رافیل سمیت 6 طیارے گرائے، دنیا قیامت تک یہ یاد رکھے گی، وزیراعظم

ویب ڈیسک
|
15 May 2025
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے بھارت کے 5 نہیں 6 طیارے گرائے جبکہ تین رافل کو نشانہ بنا کر ایسا جواب دیا کہ مودی اور دنیا اسے قیامت تک یاد رکھے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے وزراء کے ہمراہ کامرہ میں پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس کا دورہ کیا، اس موقع پر ایئرچیف مارشل، بحریہ کے سربراہ اور چیف آف آرمی اسٹاف بھی شہباز شریف کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے عسکری قیادت اورمسلح افواج کی بہادری اور اہلیت کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی جارحیت کا بروقت، متناسب اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے چھ اور سات مئی کی درمیانی رات پاک فضائیہ کی جانب سے چھٹے بھارتی طیارے کو مارگرانے کی بھی تصدیق کر دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے کامرہ میں پاکستان ایئر فورس کے آپریشنل بیس کا دورہ کیا ان کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیرخارجہ،وزیردفاع، وزیر منصوبہ بندی و ترقیات، وزیر اطلاعات، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر اور چیف آف دی نیول سٹاف بھی تھے۔
وزیراعظم کو پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے فرنٹ لائن اہلکاروں ،پائلٹ، انجینئرز اور تکنیکی عملہ کے ساتھ بات چیت کے دوران قومی دفاع کے لیے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، درستگی اور ثابت قدمی کی تعریف کی ۔
پاک فضائیہ کے افسروں و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ بلا اشتعال جارحیت کے تناظر میں مسلح افواج نے مثالی تحمل، سٹریٹجک دور اندیشی اور آپریشنل درستگی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ افواج کے تیز اور درست جواب نے جہاں درپیش خطرے کا خاتمہ کیاوہاں دشمن کے فوجی انفراسٹرکچر کوبھی زبردست دھچکا پہنچایا۔
وزیراعظم نے کہاکہ"پوری قوم کو اپنی مسلح افواج کی بہادری اور چوکسی پر بے پناہ فخر ہے،چیف آف آرمی اسٹاف کی قیادت میں ہمارے محافظوں نے ثابت کیاکہ پاکستان ناقابل تسخیر ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور، پرعزم اور ناقابل معافی جواب دیا جائے گا ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ چھ اور7 مئی کی رات پام پور کے قریب چھٹے ہندوستانی طیارے میراج 2000 کومار گرانے کی بھی تصدیق ہوچکی ہے،یہ پی اے ایف کی جنگی مہارت اور مادر وطن کی حفاظت کے لیے مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی بصیرت انگیز قیادت میں پی اے ایف جدید فورس بن چکی ہمارے نڈر پائلٹس اور سرشار فضائی عملے کی ہمت اور درستگی ناقابل تسخیر جذبے کی عکاسی کرتی ہے۔
شہبازشریف نے فضائیہ کے جوانوں سے کہاکہ آپ ثابت قدم ہیں اورغیر متزلزل عزم کے ساتھ ملک کی خودمختاری کا دفاع کر رہے ہیں، پاکستان کی مسلح افواج ہماری سرزمین کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار اور پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بروقت، متناسب اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہم اپنے وطن کے دفاع کے لیے متحد، چوکس اور غیر متزلزل کھڑے ہیں۔
اس سے قبل کامرہ آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔۔ خالد محمود ایکسپریس نیوز اسلام آباد
Comments
0 comment