بیوی سے جھگڑے کے بعد شوہر بچے کو کراچی سے ایران لے گیا
ویب ڈیسک
|
24 Nov 2025
کراچی میں بیوی سے جھگڑے کے بعد شوہر بچے کو اپنے ساتھ ایران لے گیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے میاں بیوی کے جھگڑے کے بعد 10 سالہ بچے کو مبینہ طور پر ایران لے جانے کے کیس میں وفاقی سیکریٹری داخلہ کو حکم دیا ہے کہ باپ اور بیٹے کے موجودہ مقام سے متعلق فوری معلومات فراہم کی جائیں۔
عدالت میں درخواستگزار فرح ظفر کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل سہیل حمید ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ عدالت نے 8 ستمبر کو مرزا ظفرالحسن اور کم عمر بچے کا پاسپورٹ بلاک کرنے کی ہدایت دی تھی، تاہم وزارت داخلہ نے اس حکم پر عملدرآمد نہیں کیا۔
درخواستگزار کے مطابق اس کا شوہر 10 سالہ مرزا اظفر بیگ کو "بہانے سے" باہر لے گیا اور بعد ازاں دونوں ایران روانہ ہوگئے، جسے وہ اغوا قرار دیتی ہیں۔ عدالت نے پہلے ہی بچے سے بیلف کے ذریعے ملاقات کرانے کی ہدایت کی تھی، مگر احکامات پر پیش رفت نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔
جسٹسز نے ریمارکس دیے کہ وفاقی وزارت داخلہ کا طرزِ عمل ناقابلِ قبول ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ اگر آئندہ سماعت تک بچے اور باپ کی موجودگی سے متعلق تفصیلات نہ بتائی گئیں تو ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
Comments
0 comment