چند سال پہلے تک معمولی تنخواہ پر ملازمت کرنے والا ارمغان راتوں رات کیسے امیر ہوا؟ بڑا انکشاف

ویب ڈیسک
|
25 Mar 2025
چار سال پہلے تک معمولی تنخواہ پر ملازمت کرنے والے ملزم ارمغان قریشی کے مختصر وقت میں امیر بننے سے متعلق ایف آئی اے نے تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ارمغان قریشی کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ سرکل کی جانب سے سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔
تفتیش کاروں کے مطابق ملزم حوالہ ہنڈی، ڈیجیٹل کرنسی اور دیگر غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، ارمغان قریشی جعلسازی کے ذریعے ہر ماہ 3 سے 4 لاکھ ڈالر کماتا تھا اور ان غیرقانونی آمدنی کو ڈیجیٹل کرنسی میں تبدیل کرتا تھا۔
ذرائع کے مطابق ملزم کے پاس موجود کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیاں بھی اسی غیرقانونی رقم سے خریدی گئی ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق، ملزم نے اپنے دو ملازمین کے نام پر بینک اکاؤنٹس کھولے تھے اور ایک غیرقانونی کال سینٹر چلاتا تھا، جہاں سے امریکی شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا تھا۔
تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ اس کال سینٹر کے ذریعے امریکی شہریوں سے اہم معلومات حاصل کرکے انہیں فراڈ کے ذریعے لوٹا جاتا تھا۔ ملزم نے 2018 میں یہ کال سینٹر قائم کیا تھا، جہاں اس کا ہر ملازم روزانہ کم از کم 5 افراد سے فراڈ کرتا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق، ارمغان نے اپنے والد کامران قریشی کے ساتھ مل کر امریکا میں ایک کمپنی بھی قائم کی تھی، جو حوالہ ہنڈی کے لیے استعمال ہوتی تھی۔
ملزم کے پاس اس وقت تین گاڑیاں موجود ہیں، جبکہ وہ اس سے قبل پانچ گاڑیاں فروخت کرچکا ہے۔ ایف آئی اے مزید تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے اور ملزم کے خلاف قانونی کارروائی تیز کردی گئی ہے۔
Comments
0 comment