فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بم سے اڑانے کی دھمکی، پاکستان نے برطانوی حکومت کو خط لکھ دیا
ویب ڈیسک
|
26 Dec 2025
وفاقی حکومت نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک متنازع ویڈیو میں اشتعال انگیز اور دھمکی آمیز بیانات کے معاملے پر برطانوی حکام سے باضابطہ رابطہ کر لیا ہے اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے تصدیق کی کہ یہ معاملہ سرکاری ذرائع سے برطانیہ کے سامنے اٹھایا گیا ہے۔
بلال اظہر کیانی کے مطابق مذکورہ ویڈیو میں ملک کی اعلیٰ عسکری قیادت کے خلاف سنگین نوعیت کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ ویڈیو میں ایک خاتون، جو برطانوی سرزمین پر موجود بتائی جاتی ہے، بغیر نام لیے ایک شخصیت کے لیے یہ الفاظ استعمال کرتی دکھائی دیتی ہے کہ اسے ’’گاڑی میں دھماکے سے اڑا دیا جانا چاہیے‘‘۔
ویڈیو میں خاتون کے اردگرد پی ٹی آئی کے جھنڈے بھی نظر آ رہے ہیں۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق ویڈیو میں خاتون کھلے عام فیلڈ مارشل کے قتل کی دھمکی دیتی دکھائی دیتی ہے، جسے حکومت نے نہایت سنگین اور ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے باضابطہ طور پر برطانیہ کو خط لکھ دیا ہے اور توقع ہے کہ برطانوی حکام اپنے قوانین اور عدالتی نظام کے مطابق اس معاملے پر کارروائی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ قومی اداروں کو نشانہ بنانے والوں کے خلاف قانونی راستہ اختیار کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاملہ نہ تو سیاست سے متعلق ہے اور نہ ہی آزادی اظہارِ رائے کے زمرے میں آتا ہے، کیونکہ اس نوعیت کے بیانات برطانوی قوانین، بشمول یو کے ٹیررازم ایکٹ 2006، کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
بلال اظہر کیانی نے ویڈیو میں پیش آنے والے واقعے کو ’’ناقابل قبول‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس معاملے پر برطانوی حکام کے ردِعمل کا منتظر ہے۔
Comments
0 comment