فیصل مسجد میں نیم عریاں لباس میں رقص، آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر سے جواب طلب

فیصل مسجد میں نیم عریاں لباس میں رقص، آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر سے جواب طلب

ٹک ٹاکرز کے داخلے پر پابندی سے متعلق درخواست پر سماعت
فیصل مسجد میں نیم عریاں لباس میں رقص، آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر سے جواب طلب

ویب ڈیسک

|

20 Oct 2025

اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصل مسجد میں نامناسب لباس میں داخلے اور رقص و موسیقی کے ساتھ ویڈیوز بنانے پر پابندی کی درخواست پر مختلف اداروں کو نوٹس جاری کر دیے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے شہری مشرف زین کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فیصل مسجد کے انچارج، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، چیئرمین سی ڈی اے اور وزارتِ مذہبی امور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

عدالت نے صدر انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد (IIUI)، آئی جی اسلام آباد پولیس اور اسٹیٹ کو بھی فریق بناتے ہوئے تحریری جواب طلب کرلیا ہے۔

درخواست گزار کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز سے یہ مشاہدہ ہوا ہے کہ کچھ افراد فیصل مسجد کے احاطے میں غیر شائستہ اور نیم عریاں لباس میں رقص و موسیقی کے ساتھ ویڈیوز بناتے ہیں، جو مسجد کی حرمت کے منافی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس طرزِ عمل سے فیصل مسجد کے تقدس کو ٹھیس پہنچتی ہے اور یہ آئین کے آرٹیکل 20 کے تحت مذہبی آزادی کے حق کی بھی خلاف ورزی ہے۔

درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ اس حوالے سے فیصل مسجد کے انچارج، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، چیئرمین سی ڈی اے، وزیر مذہبی امور، صدر IIUI اور آئی جی اسلام آباد کو تحریری شکایات بھجوائی گئیں، تاہم کسی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ فحش یا نامناسب لباس میں مسجد میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے۔

مسجد کے احاطے میں رقص، موسیقی یا غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!