گورنر سندھ کا ڈمپر حادثات میں مرنے والوں کے لواحقین کو پلاٹ دینے کا اعلان

ویب ڈیسک
|
1 Mar 2025
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ڈمپر حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کو ایک ایک پلاٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
کراچی میں رمضان المبارک کے انتظامات کے حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران گورنر سندھ نے کہا کہ روزانہ قرعہ اندازی کے ذریعے ایک پلاٹ دیا جائے گا، اور بلڈر اسی دن اہل خانہ کو فائل حوالے کرے گا۔
گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے پاس ایگزیکٹو پاور نہیں ہے، میں صرف آواز اٹھا سکتا ہوں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں رمضان المبارک کے موقع پر خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ یہ تیسرا سال ہے کہ گورنر ہاؤس میں اس طرح کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گورنر ہاؤس میں جو اسٹیج بنایا گیا ہے، وہ پورے پاکستان میں نہیں بنا۔ رمضان المبارک کے دوران ختم القرآن کی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا، جبکہ 10 لاکھ سے زائد افراد کے لیے افطار ڈنر کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس کراچی میں رمضان ٹرانسمیشن کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے تحت افراد اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔
گورنر سندھ نے مصطفیٰ عامر قتل کیس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی ادارے اس کیس کی تحقیقات کر رہے ہیں اور اسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر اس کیس کو صحیح طریقے سے ہینڈل کیا گیا تو نوجوان نسل کو نشے سے بچایا جا سکتا ہے۔ پاکستان میں بیرون ملک سے 32 اقسام کی منشیات درآمد کی جا رہی ہیں، اور تعلیمی اداروں کو خط لکھا گیا ہے کہ طلبہ اور اساتذہ کے نشے کے رینڈم ٹیسٹ کروائے جائیں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں انسداد منشیات سے متعلق ایک خصوصی سیل بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ میں بااثر افراد کو پشت پناہی حاصل ہے، اور والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں۔
انہوں نے بتایا کہ 32 سے زائد منشیات کی اشکال میں اشیاء موجود ہیں، اور شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ انگلش میڈیم اسکولوں میں ٹیچرز بھی منشیات میں ملوث ہیں۔
گورنر سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ منشیات کے خلاف جنگ میں سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، اور اس سلسلے میں تعلیمی اداروں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
Comments
0 comment