حضرت امام حسین اور ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور آج منایا جارہا ہے

حضرت امام حسین اور ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور آج منایا جارہا ہے

واقعہ کربلا ظالم کے خلاف ڈٹ جانے کا نام ہے، صدر اور وزیراعظم کا پیغام
حضرت امام حسین اور ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور آج منایا جارہا ہے

ویب ڈیسک

|

17 Jul 2024

نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں علم، ذوالجناح کی شبیہ اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوں گے جبکہ اُس سے قبل مجالس عزا ہوں گی اور مغرب کی نماز کے بعد شام غریباں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

نو محرم یعنی آج کی شب عقیدت مند رات کو  حلیم بنانے کا اہتمام کریں گے جسے لنگر کیا جائے گا جبکہ شربت بھی تقسیم کیا جائے گا۔

مجالس میں علما و ذاکرین شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے اُن کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کریں گے جبکہ کانفرنسسز اور سیمینار بھی منعقد کیے جائیں گے۔

جلوسوں، مجالس کی سیکیورٹی کے حوالے سے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ مختلف اضلاع میں فوج کی خدمات بھی کوئیک رسپانس فورس کے طور پر حاصل کی جائیں گی۔

اس کے علاوہ موبائل سروس جزوی معطل رکھی جائے گی جبکہ ڈبل سواری پر بھی پابندی ہو گی۔ 

 صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم عاشور سے متعلق اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ واقعہ کربلا اور امام حسینؑ کی شہادت امت مسلمہ کیلیے عظیم درس ہے، موجودہ دور میں ہمیں واقعہ کربلا سے سبق سیکھتے ہوئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے ظلم و جبر اور باطل قوتوں کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ 

دونوں نے اپنے بیانات میں کہا کہ حضرت امام حسین نے شدید دباؤ اور مشکلات کے باوجود ظالم اور جابر حکمران کے خلاف کلمہ ِحق بلند کیا۔ آپؓ اور ساتھیوں نے اسلامی اقدار کے تحفظ کیلیے جرات مندانہ موقف اپنایا اور ظلم اور ناانصافی کے خلاف ڈٹ گئے۔

 آپؓ نے امت مسلمہ کو ظلم کے خلاف آواز اٹھانے اور آزمائشوں کے سامنے ثابت قدم رہنے کا درس دیا۔ امام حسینؓ اور آپ کے بہادر ساتھیؓ ظلم کے خلاف مزاحمت کی عظیم مثال ہیں، آپ نے دین کی خاطر جان اور اپنے اہل و عیال کی قربانی تو گوارا کی مگر ظالم کے آگے سر نہ جھکایا۔ 

صدر مملکت اور وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہمیں امام حسین کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائیاور پاکستان کو ترقی اور خوشحالی سے نوازے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!