حکومت نے نیٹ میٹرنگ قوانین میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا

Webdesk
|
4 Jun 2025
وفاقی حکومت کی جانب سے نیٹ میٹرنگ ریگولیشز کے حوالے سے کوئی بھی تبدیلی اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن اویس لغاری کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا جس میں نیٹ میٹرنگ ریگولیشز کے حوالے سے غور کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سولر ایسوسی ایشن، صوبائی حکومتوں کے نمائندے اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی، اجلاس میں اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے دی گئی تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ریگولیشز کے حوالے سے کوئی بھی تبدیلی اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ حکومت کسی بھی کاروبار کو نقصان نہیں پہنچائے گی، ریگولیشز میں کوئی بھی تبدیلی صارفین کے تحفظ کو مدنظر رکھ کر کی جائے گی۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ 2017-18 میں انہوں نے خود نیٹ میٹرنگ کو متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا اور اس وقت یہ نظام ابتدائی مرحلے میں تھا، اب جبکہ نیٹ میٹرنگ کا دائرہ وسیع ہو چکا ہے، اس کے گرڈ پر سنجیدہ اثرات مرتب ہو رہے ہیں، جن کا بروقت تدارک ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیک ہولڈرز قومی گرڈ کے تحفظ کے حوالے سے اقدامات کو مدنظر رکھا جائے گا۔
وفاقی وزیر برائے توانائی نے کہا کہ حکومت نے 9000 میگاواٹ کے مہنگے اور غیر ضروری منصوبوں کو ختم کیاجو بجلی کے نظام پر بوجھ بن رہے تھے۔
Comments
0 comment