ہندو سینیٹر نے سود پر اللہ کا حکم یاد کرایا، لین دین پر حکومت کو منافق قرار دے دیا
ویب ڈیسک
|
13 Jun 2024
سینیٹ میں اقلیتی نشست پر منتخب ہونے والے سینیٹر دنیش کمار نے سود کی لین دین پر اللہ کا حکم یاد کراتے ہوئے حکومت کو منافق قرار دے دیا۔
سینیٹ میں بجٹ سیشن کے دوران اپنی تقریر میں دنیش کمار نے کہا کہ میں نے مقدس کتب کا اتنا زیادہ مطالعہ تو نہیں کیا البتہ یہ جانتا ہوں کہ سود کی لین دین سے روکا گیا ہے اور یہ اللہ کے خلاف جنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرآن کی تعلیمات کے باوجود وفاق صوبوں کو سود پر قرض دے رہا ہے، بحیثیت غیر مسلم مجھے اس منافقت پر شرم آتی ہے۔ سینیٹر دنیش کمار نے ایوان میں وزرا اور حکومتی نمائندوں کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اس ایوان میں کوئی وزیر یا حکومتی رکن موجود نہیں اور یہاں سب جھوٹ بول رہے ہیں‘۔
سینیٹر دنیش کمار کا کہنا تھا کہ سود کی لین دین اور ایوان میں حکومتی وزرا کا موجود نہ ہونا ہمارے لیے لعنت کا مقام ہے کیونکہ ہم عوام کے پیسوں کا بے دریغ استعمال کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ کے حوالے سے ہم کوئی تجاویز نہیں دیں گے کیونکہ حکومت کو اس پر عمل نہیں کرنا، اور اگر ہماری تجاویز پر عمل نہ کیا گیا تو پھر میں دوبارہ ایوان میں نہیں آؤں گا۔
Comments
0 comment