جی ایچ کیو حملہ کیس میں علی امین گنڈا پور سمیت 14 ملزمان پر فرد جرم عائد
ویب ڈیسک
|
19 Dec 2024
عدالت نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت 14 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔
اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ہوئی جس میں بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔
عدالت نے وزیراعلی علی امین گنڈا پور سمیت 14 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا جس کے بعد کیس کی مزید سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔
علی امین گنڈا پور کے علاوہ شاہ محمود قریشی، شہریار آفریدی، کرنل شبیر اعوان، لطاسب ستی، عمر تنویر بٹ، شبلی فراز، کنوزل شوزب، تیمور مسعود، سعد علی خان، سکندر زیب، زوہیب آفریدی، فہد مسعود، راجہ ناصر محفوظ پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
جی ایچ کیو حملہ کیس میں اب تک 113 ملزمان پر فرد جرم عائد ہوچکی۔ عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد ہونے کے بعد وزیراعلیٰ کے پی کے، شہریار آفریدی اور کنول شوذب نے 265 ڈی کی درخواستیں عدالت میں دائر کردیں جن کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سماعت کیلیے مقرر کرلیا۔
عدالت نے علی امین گنڈا پور کی پیشی کے بعد وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے جبکہ وزیراعلی کے پی کے نے وکیل وکیل غلام حسنین سنبل کو 12 پلیڈر مقرر کردیا۔
سماعت کے بعد بانی پی ٹی آئی اور وزیراعلی علی امین گنڈا پور اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔
Comments
0 comment