کراچی، بلیک لسٹ کی گئی گاڑیوں کے خلاف عید کے بعد سخت کارروائی کا اعلان
Webdesk
|
17 Mar 2026
کراچی: ٹریفک پولیس نے شہر قائد میں بلیک لسٹ کی گئی 23 ہزار گاڑیوں کے خلاف عید کے بعد سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیرِ صدارت کراچی میں ٹریفک انتظامات اور فیس لیس ای ٹکٹنگ سسٹم کی مجموعی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔
سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جیز سندھ پولیس ہائی ویز پیٹرولنگ، سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی ڈویژن، ہیڈکوارٹرز، ٹریفک کراچی، ٹی اینڈ ٹی، آئی ٹی، ڈی جی سیف سٹی اتھارٹی سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے شرکا کو ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں کیے جانے والے ٹریفک انتظامات اور ٹریفک ریگولیشن اینڈ سائیٹیشن سسٹم (TRACS) کی مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر ڈی ئی جی ٹریفک کراچی نے کہا کہ عید کے بعد بغیر نمبر پلیٹ موٹرسائیکلیں چلانے والوں اور TRACS سسٹم کے تحت بلیک لسٹ کی گئی 23 ہزار گاڑیوں کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔
اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ 27 اکتوبر 2025 سے اب تک تقریبا 6 لاکھ ای ٹکٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ سسٹم کی بہتری، عوامی سہولت اور سروسز میں اضافہ کے لیے مختلف نوعیت کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کراچی میں حالیہ دنوں میں ٹریفک حادثات میں اچانک اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کو ہدایت دی کہ واقعات کی شفاف اور جامع تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ تحقیقات میں حادثات کی وجوہات اور ان کے انسداد سے متعلق مثر تجاویز بھی شامل کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران ٹریفک پولیس کراچی کی جانب سے کیے گئے انتظامات مجموعی طور پر قابلِ اطمینان رہے۔
جاوید عالم اوڈھو نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ہیوی وہیکلز ڈرائیورز اور موٹرسائیکل مالکان کے خلاف مثر کارروائی کے لیے جامع تجاویز بھی پیش کرنے کی ہدایت کی۔
Comments
0 comment