کراچی میں آئندہ ہفتے سے ڈبل ڈیکر اور نئی ای وی بسیں چلانے کا فیصلہ
Webdesk
|
18 Nov 2025
سندھ حکومت نے کراچی میں آئندہ ہفتے سے ڈبل ڈیکر بسیں اور نئی ای وی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس شروع کرنے کا بھی اعلان سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کے اجلاس کا انعقاد ہوا۔
شرجیل انعام میمن کو اجلاس میں یلو لائن بی آر ٹی اور ریڈ لائن بی آر ٹی کے ترقیاتی کام میں پیش رفت پر بریف کیا گیا جبکہ کراچی میں ای وی ٹیکسی سروس شروع کرنے اور پنک اسکوٹیز اسکیم کے دوسرے مرحلے پر بریفنگ دی گئی۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ امید ہے ڈبل ڈیکر بسیں اور نئی ای وی بسیں آئندہ ہفتے تک کراچی پہنچ جائیں گی۔
انہوں نے کہاکہ حکومت سندھ دسمبر تک ای وی ٹیکسی شروع کرنے اور حالیہ مالی سال مزید 500 بسیں لانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ سندھ کے دیگر اضلاع میں بہت جلد پیپلز بس سروس کے نئے روٹس بھی شروع کرنے جا رہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن کی ٹرانسپورٹ حکام کو نئے روٹس کے حوالے سے آپریشنل تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
Comments
0 comment