کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی، الرٹ جاری
Webdesk
|
17 Jun 2026
کراچی: شہر میں گرد آلود ہوائوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے )نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں غیر مستحکم موسمی صورتحال کی پیش گوئی کے بعد تمام آپریشنل شعبوں کو ضروری احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ ایپرن اور ٹارمک پر موجود فکس ونگ اور روٹری ونگ طیاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے، جبکہ ڈھیلے آلات اور سامان کو بھی محفوظ بنایا جائے تاکہ تیز ہواں کے باعث کسی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔حکام نے برقی تنصیبات، کیبلز، ایئر فیلڈ لائٹس اور دیگر اہم سہولیات کی مکمل جانچ اور فعالیت یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔
اس کے علاوہ فالو می گاڑیوں اور دیگر آپریشنل آلات کو ہر وقت تیار رکھنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ترجمان پی اے اے کے مطابق تمام ایئر لائنز، گرانڈ ہینڈلنگ سروسز اور متعلقہ اداروں کو موسمی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے اور محفوظ فضائی آپریشنز کے لیے مکمل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مسافروں کی حفاظت اور پروازوں کے بلا تعطل آپریشن کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ موسم کی صورتحال کے مطابق مزید ہدایات بھی جاری کی جا سکتی ہیں۔
Comments
0 comment