کے الیکٹرک کا ڈیوٹی کی مد میں جمع ہونے والے 30 ارب روپے سندھ حکومت کو دینے سے انکار
ویب ڈیسک
|
19 Sep 2024
کے الیکٹرک نے ڈیوٹی کی مد میں صارفین سے وصول کی جانے والی 30 ارب کی ڈیوٹی سندھ حکومت کو دینے سے صاف انکار کردیا۔
ذرائع کے مطابق سندھ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر مونس علوی نے 30 ارب روپے کی رقم سندھ حکومت کو دینے سے صاف انکار کرتے ہوئے مزید 3 ارب روپے کی ادائیگی کا تقاضہ کردیا۔
انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ پر 33 ارب روپے واجب الادا ہیں، جب تک وہ رقم نہیں ملتی ہم ڈیوٹی کی مد میں ملنے والی رقم سندھ حکومت کو ادا نہیں کریں گے۔
صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے مونس علوی کے جواب پر کہا کہ ڈیوٹی کی رقم کو بلوں سے جوڑنا غیر قانونی ہے جبکہ سیکریٹری توانائی قاسم سراج سومرو نے کہا کہ سندھ حکومت کے 30 ارب روپے کے الیکٹرک کے پاس پڑے ہیں، سندھ حکومت کے الیکٹرک کو ڈیوٹی کی وصولی سے روک لے۔
انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے غیر قانونی راستہ اختیار کیا اور پچھلے ماہ ڈیوٹی ادا کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ اجلاس کے بعد کے الیکٹرک کے سی ای او میڈیا سے گفتگو کیے بغیر روانہ ہوگئے۔
دوسری جانب ترجمان کے۔الیکٹرک کے مطابق کے۔الیکٹرک اور حکومت سندھ کے درمیان ریکنسالڈ واجبات اور بجلی پر عائد ڈیوٹی کے حل کے لیے بدستور رابطے ہیں اور باہمی مشاورت سے معاملے کے پائیدار حل اور بروقت ادائیگیوں کی طرف پیش رفت جاری ہے۔
ترجمان نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے سیٹلمنٹ کی ادائیگی کے منتظر ہیں۔ اس حوالے سے حکومت سندھ اور ماتحت اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
Comments
0 comment