لائن آف کنٹرول پر سیزفائر کی خلاف ورزی، پاک فوج نے جوابی کارروائی میں بھارتی چوکیاں اڑا دیں

ویب ڈیسک
|
30 Apr 2025
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (LoC) پر سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پہلگام سیکٹر کے قریب بلااشتعال فائرنگ کی۔
یہ واقعات 29 اور 30 اپریل کی درمیانی شب پیش آیا، جس میں بھارتی افواج نے کیانی اور منڈل سیکٹرز میں چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کیا۔
پاک فوج نے موقع پر ہی منہ توڑ جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کے متعدد مورچوں کو نشانہ بنایا۔ اطلاعات کے مطابق، مقبوضہ کشمیر میں واقع بھارتی چکپترا پوسٹ کو بھی تباہ کر دیا گیا۔
پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کی جارحانہ کارروائیوں کا مؤثر طریقے سے جواب دیتے ہوئے انہیں خاموش کرایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے حالیہ عرصے میں سرحدی علاقوں میں مسلسل اشتعال انگیز اقدامات جاری ہیں، جس میں مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے خلاف کریک ڈاؤن بھی شامل ہے۔ پاک فوج ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور دفاع کے لیے ہر وقت چوکس اور تیار ہے۔
یہ واقعہ ایک بار پھر بھارت کی جارحانہ پالیسیوں کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ پاکستان امن اور استحکام کے لیے پرعزم ہے۔
Comments
0 comment