مفتاح اسماعیل کا کے الیکٹرک کے خلاف عدالت جانے کا اعلان
ویب ڈیسک
|
29 Jul 2024
سابق وفاقی وزیر خزانہ اور عوام پاکستان پارٹی کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کے الیکٹرک کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کا اعلان کردیا۔
کراچی میں عوام پاکستان پارٹی کے کے الیکٹرک ہیڈ آفس کے باہر علامتی احتجاج سے خطاب میں مفتاح اساعیل نے کہا کہ عوام کیلیے کے الیکٹرک کے خلاف پٹیشن دائر کروں گا اور قانونی جنگ لڑوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر عوام کیلیے بجلی مفت نہیں تو پاکستان میں کسی کو مفت بجلی نہیں ملنی چاہیے، عوام کو ایک تو پوری بجلی نہیں ملتی اور اوپر سے بلوں میں نئی ٹیکسز شامل کیے جارہے ہیں، گزشتہ 9 سالوں کے دوران بجلی بلوں میں 350 فیصد اضافہ ہوا جبکہ تنخواہوں میں بہت معمولی اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے حکومت میں آنے کے بعد 300 یونٹ بجلی فری دینے کا اعلان کیا مگر اب الیکشن کے بعد سب بھول گئے۔ اگر حکومت عوام کو بجلی مفت نہیں دے سکتی تو کم از کم چار ماہ کیلیے اپنے اخراجات اور ترقیاتی فنڈ کم کر کے عوام کو بجلی بلوں میں ٹیکسوں پر ریلیف دے اس سے چالیس فیصد بل کی قیمت کم ہوجائے گی۔
سابق وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ بجلی کے بل میں گھریلو صارفین پر 24 اور کمرشل پر 37 فیصد ٹیکس لگایا جاتا ہے، حکومت نے اپنے جاری اخراجات 24 فیصد بڑھائے، حکومت نے سینیٹ کے اخراجات میں بھی اضافہ کیا جبکہ وزیراعظم ہاؤس اور ایوان صدر کے اخراجات بھی بجٹ میں بڑھا دیے گئے ہیں اور عوام بجلی بل ادا کرنے سے قاصر ہیں۔
Comments
0 comment