پہلگام حملہ، بھارت کسی بھی مہم جوئی سے پہلے ابھیندن والا واقعہ یاد رکھے، وزیر دفاع

پہلگام حملہ، بھارت کسی بھی مہم جوئی سے پہلے ابھیندن والا واقعہ یاد رکھے، وزیر دفاع

پاکستان کے افواج ہر قسم کی محاذ آرائی کا جواب دینے کیلیے تیار ہیں
پہلگام حملہ، بھارت کسی بھی مہم جوئی سے پہلے ابھیندن والا واقعہ یاد رکھے، وزیر دفاع

ویب ڈیسک

|

24 Apr 2025

اسلام آباد: پہلگام حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزامات اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

 انہوں نے بھارتی پائلٹ ابھینندن ورتھمان کی گرفتاری کو یاد دلاتے ہوئے انڈیا کو کہا کہ ہماری افواج ہر محاذ پر تیار ہیں۔

نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے پاس بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے متعدد شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسے افغانستان-ایران بارڈر سے پاکستان میں داخل ہوتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔

وزیر دفاع نے بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات، خاص طور پر جعفر ایکسپریس پر حملے کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان حملوں کے پیچھے بھارت ہے، جو علیحدگی پسندوں کو پناہ دے کر صوبے میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ علیحدگی پسند اکثر علاج کی غرض سے بھارت جاتے ہیں اور ان کا ممنوعہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے بھی رابطہ ہے۔

خواجہ آصف نے زور دیا کہ پاکستان نے دنیا بھر میں دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور خود گزشتہ ایک دہائی سے دہشت گردی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا: "جو دہشت گردی کو فروغ دیتے ہیں وہ خود مظلوم کیسے ہو سکتے ہیں؟ پاکستان کی افواج ہر جگہ دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار ہیں۔"

سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ "بھارت انڈس واٹر کے معاملے پر یکطرفہ فیصلہ نہیں کر سکتا۔" ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو بلایا جا رہا ہے جس کے بعد بھارت کو جامع جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارتی فوج کی دہائیوں پر محیط موجودگی کے باوجود وہاں بے گناہ شہریوں کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!