پاکستان کی عالمی سطح پر ایک اور بڑی کامیابی

ویب ڈیسک
|
5 Apr 2025
نیویارک: پاکستان کو اقوام متحدہ کے کمیشن آن نارکوٹک ڈرگز (سی این ڈی) میں چار سالہ مدت (2026-2029) کے لیے دوبارہ رکن منتخب کر لیا گیا ہے، جو عالمی سطح پر منشیات کے خلاف جنگ میں ملک کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ انتخاب اقوام متحدہ کے اقتصادی اور سماجی کونسل (ایکوسوک) کے اجلاس کے دوران ہوا، جس میں کونسل کی اکثریت نے پاکستان کے حق میں ووٹ ڈالا۔ پاکستانی مشن نے جمعے کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں کونسل کے اراکین کے بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، عالمی منشیات کے خلاف کوششوں اور منشیات سے متعلق مسائل پر کثیرالجہتی پالیسی مکالمے میں اپنا فعال کردار جاری رکھنے کے لیے سی این ڈی میں دوبارہ منتخب ہونے پر بین الاقوامی برادری کے اعتماد کا شکر گزار ہے۔"
پاکستانی مشن نے زور دیا کہ وہ دنیا بھر سے منشیات کے خاتمے کے لیے ایکوسوک کے اراکین کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی نمائندے نے کہا کہ "سی این ڈی کو عالمی منشیات کی پالیسی سازی میں ایک مضبوط ادارہ بنانا ہماری ترجیح ہے، تاکہ بین الاقوامی کوششیں جامع، مؤثر اور اقوام متحدہ کے تین منشیات کنٹرول کنونشنز کے مطابق ہوں۔"
یاد رہے کہ یہ کمیشن 1946 میں قائم ہوا تھا اور اس کے قیام سے لے کر اب تک پاکستان نے بین الاقوامی منشیات کنٹرول پالیسیوں پر عملدرآمد کی نگرانی میں فعال کردار ادا کیا ہے۔ اس انتخاب سے پاکستان کی عالمی سطح پر منشیات کے خلاف جنگ میں قیادت کو مزید تقویت ملی ہے۔
ماہرین کے مطابق، یہ کامیابی پاکستان کی ان کوششوں کا اعتراف ہے جو ملک نے نہ صرف اپنی سرزمین پر منشیات کے خلاف جنگ میں بلکہ عالمی سطح پر اس مسئلے کے حل کے لیے کی ہیں۔
Comments
0 comment