پاکستانی عازمین حج کیلیے خوشخبری ، سفر کی تیاری پکڑنے کی ہدایت

ویب ڈیسک
|
11 May 2025
اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث پاکستانی فضائی حدود بند ہونے سے حج پروازیں متاثر ہوئیں، جس کے بعد وزارت مذہبی امور نے فضائی حدود کے دوبارہ کھلنے پر حج آپریشن بحال کر دیا۔
ذرائع کے مطابق، پاک بھارت کشیدگی کے دوران 10 حج پروازیں منسوخ ہوئیں، جن میں 7 سعودی ائیرلائنز اور 3 پی آئی اے کی فلائٹس شامل تھیں۔ ان پروازوں کے معطل ہونے سے 2,290 حاجیوں کا شیڈول متاثر ہوا۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق، لاہور سے 3، اسلام آباد سے 2، جبکہ کراچی اور ملتان سے ایک ایک پرواز منسوخ کی گئی تھی۔ تاہم، اب فضائی حدود مکمل طور پر بحال ہونے کے بعد حج پروازیں دوبارہ شیڈول کے مطابق سعودی عرب کے لیے روانہ ہو رہی ہیں۔
متاثرہ حاجیوں میں سے 1,277 افراد کو خصوصی پروازوں کے ذریعے سعودی عرب بھیجا جا چکا ہے، جبکہ باقی 1,013 حاجیوں کو جلد ہی خصوصی فلائٹس کے ذریعے روانہ کر دیا جائے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ اب تک 19,669 پاکستانی حاجی سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
حاجیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پروازوں کی تازہ معلومات کے لیے اپنے متعلقہ حاجی کیمپوں سے رابطے میں رہیں۔ وزارت مذہبی امور نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام متاثرہ حاجیوں کو جلد از جلد حجاز مقدس پہنچا دیا جائے گا۔
Comments
0 comment