پاکستانی نوجوان کا ہندوستان میں دوران علاج انتقال، ایئرلائن لاش بھول آئی

ویب ڈیسک
|
30 Apr 2025
کراچی: سرحد پار کشیدگی کے دوران ہندوستان میں علاج کیلیے گئے ایک پاکستانی نوجوان اریان شاہ کا چینائی میں انتقال ہو گیا، تاہم لاش کی واپسی کے دوران ایئرلائن انتظامیہ کی غفلت نے المیے کو اور بڑھا دیا۔
23 سالہ اریان شاہ، جو بلوچستان کے رہنے والے تھے، کو 12 فروری کو چینائی کے ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کے مطابق، وہ انٹرسٹیشل پھیپھڑوں کی بیماری میں مبتلا اور 70 دن تک ECMO (زندگی کی سہارے والی مشین) پر رہا۔
انتقال کے بعد اریان کے والدین کو واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان بھیج دیا گیا، جبکہ اس کی لاش کو سری لنکن ایئرلائنز کے ذریعے لاہور بھیجا جانا تھا۔ تاہم، جب کراچی پہنچنے پر تابوت کھولا گیا تو وہ خالی تھا۔
معلوم ہوا کہ ایئرلائن اسٹاف کی غفلت کی وجہ سے لاش کولمبو میں ہی رہ گئی تھی۔ چینائی امیگریشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اریان کی لاش کو پیر کو کولمبو سے لاہور بھیجا جانا تھا، لیکن انتظامی غلطی کی وجہ سے خالی تابوت بھیج دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، اسپتال انتظامیہ نے ابتدائی طور پر اریان کی لاش اس کے والدین کو تب تک نہیں دی جب تک کہ علاج کا بل ادا نہیں کر دیا گیا۔ بعد ازاں، بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے مداخلت کرتے ہوئے بل ادا کیا اور لاش کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب ہندوستان نے 27 اپریل کو پاکستانی شہریوں کے تمام موجودہ ویزا منسوخ کر دیے، سوائے میڈیکل ویزا کے جو 29 اپریل تک درست تھے۔
اب اریان شاہ کی لاش کو کولمبو سے بحفاظت پاکستان پہنچانے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ اس سانحے نے دونوں ممالک کے درمیان انسانی المیوں کے حوالے سے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
Comments
0 comment