پی ٹی آئی کا آزاد کشمیر انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان
ویب ڈیسک
|
2 Jul 2026
پاکستان تحریک انصاف نے آزاد جموں و کشمیر میں موجودہ سیاسی صورتحال کے باعث آئندہ انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ کسی سیاسی حکمت عملی کے تحت نہیں بلکہ کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق آزاد کشمیر اس وقت سیاسی اور انسانی بحران سے گزر رہا ہے، جہاں راولاکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں عوام اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کر رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ طاقت کے استعمال سے قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے، جبکہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل متاثر ہونے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کے مسائل کا فوری، منصفانہ اور پائیدار حل نکالا جائے۔
پاکستان تحریک انصاف نے مؤقف اختیار کیا کہ آزاد کشمیر کی آئینی، جمہوری اور سیاسی شناخت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، سیاسی کارکنوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں، جبکہ اظہارِ رائے کی آزادی محدود اور میڈیا پر بھی قدغنیں عائد ہیں۔
پارٹی کے مطابق ایسے حالات میں انتخابی عمل اپنی شفافیت اور اہمیت کھو دیتا ہے، اس لیے حالات معمول پر آنے تک انتخابات میں حصہ نہیں لیا جائے گا۔
پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں، انتخابی شیڈول پر نظرثانی کی جائے اور تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی، آزاد اور منصفانہ انتخابی ماحول فراہم کیا جائے۔
پارٹی نے یہ بھی اعلان کیا کہ پارلیمانی بورڈ کی جانب سے ٹکٹوں کے حوالے سے دی گئی تمام سفارشات فوری طور پر معطل کر دی گئی ہیں، جبکہ امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے کا عمل آئندہ فیصلے تک مؤخر رہے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کشمیری عوام کے جمہوری اور آئینی حقوق کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی، تاہم آزاد، شفاف اور پُرامن ماحول کے بغیر انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔
Comments
0 comment