پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر پنڈی اور اسلام آباد سیل، سخت انتظامات
ویب ڈیسک
|
28 Sep 2024
پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد اور پنڈی کے مختلف مقامات کو سیل کردیا گیا جبکہ شرکا کو روکنے کیلیے پولیس کو گرفتاری کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔
عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی کی جانب سے آج لیاقت باغ میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، جس کے پیش نظر پنڈی ڈویژن سمیت 7 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا سے آنے والے قافلوں کو روکنے کیلیے اٹک کے پل پر رینجرز کی نفری کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا سے کسی بھی پی ٹی آئی کے کارکن کو پنڈی میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کیلیے رینجرز کی 7 کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔
راولپنڈی میں احتجاج کے پیش نظر تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ میٹرو بس سروس بھی بند رکھی جائے گی۔
راولپنڈی کو 25 اور اسلام آباد کو 9 مقامات پر مکمل سیل کیا جائے گا جبکہ پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کو فوری گرفتار کرے۔
Comments
0 comment