پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان
ویب ڈیسک
|
21 May 2024
پاکستان تحریک انصاف نے اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے تحت اسلام آباد میں جلسے کا اعلان کردیا۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اسلام آباد میں 8 جون کو جلسے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کو ایف نائن پارک میں جلسے کی اجازت کے حوالے سے درخواست دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی اس جلسے میں خطاب کریں گے اور وہ تحریک انصاف کے بینر تلے بننے والے اتحاد میں شمولیت کا اعلان بھی کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب انتظامیہ نے بھی جلسے کی اجازت کے حوالے سے درخواست موصول ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے مبینہ انتخابی دھاندلیوں اور ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلیے ہم خیال اپوزیشن جماعتوں کا ایک گرینڈ الائنس بنایا ہے، جس کی سربراہی پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کررہے ہیں۔
اس اتحاد میں جماعت اسلامی اور جمعیت علما اسلام شامل نہیں تاہم دونوں کی جانب سے خاموش حمایت جاری ہے۔
Comments
0 comment