پی ٹی آئی کی قیادت ذہنی مریض کے ٹویٹ سے لاعلمی کا اظہار کرچکی ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

پی ٹی آئی کی قیادت ذہنی مریض کے ٹویٹ سے لاعلمی کا اظہار کرچکی ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

عمران خان کے ٹویٹس نہ صرف پاکستان مخالف بیانیے کو ہوا دے رہے ہیں، ترجمان پاک فوج
پی ٹی آئی کی قیادت ذہنی مریض کے ٹویٹ سے لاعلمی کا اظہار کرچکی ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

Webdesk

|

5 Dec 2025

ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ ذہنی مریض کے ٹویٹس پروپیگنڈے کو ہوا دیتے ہیں اور پی ٹی آئی کی قیادت ان سے لاعلمی کا اظہار کرچکی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے حالیہ بیانات اور سوشل میڈیا سرگرمیوں کو ملکی سلامتی کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔

ترجمان نے کہا کہ عمران خان کے ٹویٹس نہ صرف پاکستان مخالف بیانیے کو ہوا دے رہے ہیں بلکہ ان پر افغان اور بھارتی میڈیا فوری طور پر پروپیگنڈا کرتا ہے، جس سے بیرونی قوتوں کے عزائم واضح ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت خود بھی اس بات پر لاعلمی ظاہر کرتی ہے کہ عمران خان کے ٹویٹس کہاں سے اور کس کے ذریعے جاری کیے جاتے ہیں، جو صورت حال کو مزید مشکوک بناتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق عمران خان کی جانب سے فوجی قیادت کو نشانہ بنانے کی کوشش ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ لگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی بیانیہ بھارت اور افغانستان کے میڈیا میں بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے، اور یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ پاکستان کمزور ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ قوم اب ایسے بیانیوں اور سیاسی چالوں کو سمجھ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بار بار شیخ مجیب الرحمان کی مثالیں دے کر انتشار پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں، مگر اب ایسے دعوؤں کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا سکتا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاک فوج نے اپنی تاریخ میں کبھی کسی سیاست دان سے متعلق ایسی سخت بات نہیں کی، لیکن ماضی میں بھی کبھی کسی سیاسی رہنما نے ریاستی اداروں کے خلاف اس سطح کا بیانیہ بنانے کی کوشش نہیں کی۔ ان کے مطابق وقت آگیا ہے کہ عوام کو بتایا جائے کہ یہ بیانیہ کن مقاصد کے لیے چلایا جا رہا ہے اور اس کے پیچھے کون سی قوتیں سرگرم ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستانی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ناکام ہوگی، اور ریاست مخالف پروپیگنڈے کو ہر سطح پر بے نقاب کیا جائے گا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!