سعودی عرب کی خودمختاری پر حملے ناقابلِ قبول ہیں: وزیراعظم
Webdesk
|
14 Jul 2026
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں ناقابل قبول قرار دے دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر حملے ناقابلِ قبول ہیں، یہ حملے خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور تحفظ کے لیے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی افہام و تفہیم کے لیے ہر مخلصانہ کوشش کی حمایت جاری رکھے گا۔قبل ازیں پاکستان نے سعودی عرب پرحوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا مشرقِ وسطی یمن کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس ہوا جس میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے بھی خطاب کیا۔
پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
Comments
0 comment