سعودی ولی عہد کا شہباز شریف پر اظہار اعتماد، جلد پاکستان آنے کا عندیہ

سعودی ولی عہد کا شہباز شریف پر اظہار اعتماد، جلد پاکستان آنے کا عندیہ

سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی
سعودی ولی عہد کا شہباز شریف پر اظہار اعتماد، جلد پاکستان آنے کا عندیہ

ویب ڈیسک

|

4 Dec 2024

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کی دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرتے ہوئے جلد دورہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

وزیراعظم نے ریاض میں ’ون واٹر سمٹ‘ کے موقع پر سعودی ولی عہد سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ایم بی ایس کے وژن 2030 اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق دیگر اقدامات کو سراہا۔

بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران ایم بی ایس کے ساتھ وزیراعظم کی یہ پانچویں ملاقات تھی۔ ملاقات میں سعودی ولی عہد نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات میں معیاری تبدیلی لانے کی ضرورت کا بھی اظہار کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان بامعنی تعاون کو بڑھانے کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا جس سے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں مدد ملے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے ولی عہد نے قبول کرلیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے پی ٹی وی نیوز کے مطابق وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے خوشگوار ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے لیے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینا بہت ضروری ہے۔ 

سعودی ولی عہد نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا کیونکہ یہ پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی ایم او یوز اور معاہدوں پر عملدرآمد کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم کی دعوت قبول کرتے ہوئے ولی عہد نے کہا کہ وہ اپنے جلد دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!