شفافیت اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا، میئر کراچی
Webdesk
|
23 Nov 2025
کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت محکمہ انجینئرنگ کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، فنڈز کی صورتحال اور کام کی رفتار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی، مشیرِ مالیات گلزار ابڑو، سینئر ڈائریکٹر انجینئرنگ جنید اللہ خان، ڈائریکٹر میڈیا دانیال سیال اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے واضح ہدایات جاری کیں کہ تھرڈ پارٹی ویریفکیشن کے بغیر کسی بھی منصوبے کے بلز ہرگز پاس نہ کیے جائیں، شفافیت اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا،اجلاس میں ڈسٹرکٹ اے ڈی پی، پروونشل اے ڈی پی، کلک پروجیکٹس اور ایمرجنسی ورکس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سینئر ڈائریکٹر انجینئرنگ جنید اللہ خان نے جاری اسکیموں پر بریفنگ پیش کی جبکہ مشیرِ مالیات گلزار ابڑو نے سندھ حکومت کی جانب سے فنڈز ریلیز ہونے کے حوالے سے آگاہ کیا، میئر کراچی نے کہا کہ فنڈز موجود ہیں لہٰذا کام میں کسی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائے گی جو افسر یا ٹھیکیدار کام نہیں کرے گا اسے کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔
انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو سختی سے ہدایت کی کہ 30 جون تک تمام اسکیمیں ہر حال میں مکمل کی جائیں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے،انہوں نے بارشوں سے متاثر ہونے والی سڑکوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے بعد خراب ہونے والی تمام سڑکیں پندرہ دن کے اندر اندر درست ہونی چاہئیں ورنہ ذمہ داران گھر جانے کی تیاری کرلیں۔
میئر کراچی نے ہدایت کی کہ اسٹریٹ لائٹس کی سولرائزیشن کے عمل کو تیز کیا جائے اور یہ کام جلد از جلد مکمل ہونا چاہئے، شہر کی ترقی، بہتر انفراسٹرکچر اور شہریوں کی سہولت اولین ترجیح ہونی چاہیے، اس سلسلے میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
Comments
0 comment