شہری پر ’تشدد اور قتل کی کوشش‘، سعید غنی کے بھائی دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار

ویب ڈیسک
|
24 Aug 2025
کراچی میں بلدیات سندھ کے وزیر سعید غنی کے بھائی، اور چنیسر ٹاؤن کے چیئرمین، فرحان غنی نے ایک سرکاری ملازم پر تشدد کے کیس میں گرفتاری دے دی ہے۔
فرحان غنی پر فیروز آباد تھانے میں دہشت گردی اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، ان پر ایک سرکاری ادارے کے اہلکار، حافظ سہیل، پر تشدد کرنے کا الزام ہے۔
ایف آئی آر میں مدعی نے بتایا کہ 22 اگست کو وہ شارع فیصل پر فائبر کیبل بچھانے کے کام کی نگرانی کر رہے تھے، جب فرحان غنی اور 20 سے 25 دیگر افراد نے ان پر حملہ کیا۔
ان افراد نے مبینہ طور پر انہیں ایک پیٹرول پمپ کے کمرے میں لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
پولیس موبائل کے پہنچنے پر وہ انہیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ پولیس کی حراست میں اس وقت فرحان غنی موجود ہیں۔
مدعی کے مطابق فرحان غنی کے ساتھ آنے والے مسلح افراد نے اُن پر چیمبر کر کے پستولیں بھی تانی تھیں۔ واضح رہے کہ فرحان غنی کی گرفتاری کے بعد سعید غنی اور پی پی رہنما جاوید ناگوری تھانے پہنچے جنہیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
Comments
0 comment