اسلام آؓباد احتجاج میں ناکامی کے بعد فضل الرحمان کی پی ٹی آئی کو بڑی پیش کش
Webdesk
|
28 Nov 2024
جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کی سیاسی آزای کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تحریک انصاف رابطے میں رہے تو اُن کے لیے کردار ادا کرسکتا ہوں۔
لاڑکانہ میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ تحریک انصاف سیاسی جماعت ہے اور جیسے تمام پارٹیوں کو اپنی سرگرمیوں کی اجازت ہے ویسے ہی پی ٹی آئی کو بھی اجازت ملنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف مجھ سے رابطے میں نہیں رہتی ورنہ میں اُن کے لیے کردار ادا کرسکتا ہوں۔ یہاں فضل الرحمان نے مصالحت کار بن کر معاملات حل کروانے کی پیش کش کا اشارہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اندرونی معاملات پر بات کرنا پسند نہیں کیونکہ ہر جماعت کے اپنے مسائل ہوتے ہیں، ہم سب ایک قوم اور ملک ہیں، معاملات اتفاق رائے سے ہونا ضروری ہے۔
فضل الرحمان نے کہا کہ کارکن نظریات اور اپنی قیادت سے مخلص ہوتا ہے، اُس کے جذبات کو اعتدال کے راستے لانا اور ٹھیک راستہ دکھانا ہی اچھے لیڈر کی نشانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جے یو آئی نے دھرنے دیے، پی ڈی ایم کے مارچ ہوئے، آزادی مارچ میں 15 لاکھ سے زیادہ لوگ اسلام آباد میں جمع ہوئے مگر کوئی گملا تک نہیں ٹوٹا کیونکہ ہم نے کارکن کو جدوجہد اور عدم تشدد کا راستہ دکھایا ہوا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت عمران خان کو جیل میں رکھنے اور پی ٹی آئی باہر نکالنے کی ضد پر اڑی ہوئی ہے اس سے مسائل حل نہیں بلکہ خراب ہوں گے اور ملک میں انارکی ہوگی۔
فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ حالات 8 فروری کے الیکشن کیوجہ سے ہیں، میں نے پی ٹی آئی کو کہا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم کو ووٹ نہ دیں۔
Comments
0 comment