اسلام آباد سے 17 سال قبل لاپتہ ہونے والی لڑکی کراچی سے مل گئی

اسلام آباد سے 17 سال قبل لاپتہ ہونے والی لڑکی کراچی سے مل گئی

لڑکی گھر سے آئسکریم لینے نکلی اور پھر لاپتہ ہوگئی تھی، سیف سٹی پنجاب کی کاوشوں سے یہ ممکن ہوا
اسلام آباد سے 17 سال قبل لاپتہ ہونے والی لڑکی کراچی سے مل گئی

ویب ڈیسک

|

25 Nov 2025

اسلام آباد سے 17 برس قبل لاپتا ہونے والی لڑکی آخرکار کراچی کے ایدھی سینٹر سے مل گئی، جہاں سے اسے شناخت کی تصدیق کے بعد اس کے حقیقی والد کے حوالے کر دیا گیا۔

27 سالہ کرن کی بازیابی جدید سیف سٹی ٹیکنالوجی اور پولیس کی کوششوں کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔

کرن نے بتایا کہ وہ بچپن میں گھر سے آئس کریم لینے نکلی تھی مگر راستہ بھول کر گلیوں میں بھٹک گئی۔ اسی دوران کسی نے اسے ایدھی سینٹر اسلام آباد پہنچا دیا، جہاں سے بعدازاں مرحومہ بلقیس ایدھی اسے کراچی لے آئیں۔ کرن کے مطابق وہ ایدھی ہوم میں رہی، تعلیم حاصل کی اور محفوظ ماحول میں پلی بڑھی۔

ایدھی فاؤنڈیشن کی شبانہ فیصل کے مطابق کرن کے والدین کی تلاش کے لیے متعدد بار اسے مختلف شہروں، خصوصاً اسلام آباد، بھیجا گیا لیکن کوئی سراغ نہ مل سکا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند دنوں میں ملک کے مختلف حصوں سے 12 سے زائد بچے اُن کے والدین تک پہنچائے جا چکے ہیں، اور کرن کراچی سے بازیاب ہونے والی پانچویں لڑکی ہے جس کا خاندان مل گیا۔

کرن کے والد عبدالمجید نے بتایا کہ ان کا تعلق قصور سے ہے اور انہوں نے بیٹی کی گمشدگی کے بعد ہر ممکن تلاش کی، مگر ناکام رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برسوں بعد بیٹی کے ملنے کی امید تقریباً ختم ہو چکی تھی لیکن پولیس کی اطلاع نے ان کی زندگی میں خوشی لوٹا دی۔

عبدالمجید نے اپنی بیٹی کو گلے لگاتے ہوئے کہا کہ "17 سال بعد کرن کو واپس پا کر جو خوشی ملی ہے، اس کا بیان ممکن نہیں۔"

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!