سندھ حکومت کی بجٹ میں کراچی کیلیے 100 ارب سے زائد مختص کرنے کی تجویز
Webdesk
|
17 Jun 2026
کراچی: سندھ حکومت نے کراچی کے شہریوں کو خوشخبری سنادی، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کراچی کیلیے 100 ارب 19 کروڑ روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے لیے مالی سال 2026ـ2027 کے بجٹ میں 100 ارب 19 کروڑ روپے سے زائد مختص کرنے کا اعلان کرتے ہوئے شہر میں انفراسٹرکچر ، ٹرانسپورٹ، پانی، نکاسی آب اور شہری سہولتوں کے متعدد منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔
سندھ اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں مجموعی طور پر 816 ترقیاتی منصوبے شامل ہیں جن کی مجموعی لاگت 644.3 ارب روپے ہے۔
شہر کے لیے رواں مالی سال میں 100 ارب 19 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جب کہ 500 ملین روپے سے زائد لاگت کے 167 بڑے منصوبے اور ایک ارب روپے سے زائد لاگت کے 110 میگا منصوبے جاری ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ گریٹر کراچی سیوریج پلان (SـIII) پر 32 ارب روپے سے زائد لاگت سے کام جاری ہے جب کہ منصوبے کے تسلسل کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
کراچی کی مختلف ترقیاتی اسکیموں سمیت 822 منصوبوں کے لیے 108.1 ارب روپے مختص جبکہ لیاری ٹرانسفارمیشن پیکیج کے لیے 4.37 ارب روپے کیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق کراچی ایئرپورٹ روڈ سے اسٹار گیٹ تک 1.2 ارب روپے کی لاگت سے نیا فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا جب کہ ملیر ہالٹ سے شارع فیصل تک 1.5 ارب روپے کی لاگت سے رائٹ ٹرن انڈرپاس بنایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں کراچی کے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے متعدد منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔
گجر نالہ پر سر شاہ سلیمان روڈ کراسنگ فلائی اوور کے لیے 1.65 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جب کہ شاہراہ بھٹو اور کورنگی کازوے جنکشن منصوبے کے لیے 15 کروڑ 90 لاکھ روپے اور عظیم پورہ انٹرسیکشن فلائی اوور سمیت شاہ فیصل روڈ منصوبے کے لیے 10 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بڑے برساتی نالوں کی تعمیر اور بحالی کے تیسرے مرحلے کے لیے ایک ارب روپے، گجر نالہ کی بحالی اور سروس روڈز کی تعمیر کے لیے ایک ارب 10 کروڑ روپے جب کہ ایم نائن سے تھدو نالہ تک اسٹورم واٹر ڈرین منصوبے کے لیے 28 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
Comments
0 comment