سندھ کے تعلیمی اداروں میں اب ایک گھنٹہ پہلے چھٹی ہوگی
Webdesk
|
8 Sep 2026
کراچی: وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے کراچی سمیت صوبے بھر کے اسکولوں کے اوقات کار میں کیا گیا ایک گھنٹے کا اضافہ واپس لینے کا اعلان کردیا۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ سیلاب اور دیگر غیر معمولی حالات کے باعث تعلیمی نقصان پورا کرنے اور بچوں کا کورس مکمل کروانے کے لیے اسکولوں کے اوقات کار میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ تقریب کے دوران تین بچیاں ان کے پاس آئیں اور انہوں نے اسکول کی چھٹی کے وقت سے متعلق اپنی مشکلات بیان کیں۔
سردار علی شاہ کے مطابق بچیوں نے کہا کہ انکل ہمیں بھوک لگتی ہے، اسکول سے ڈھائی بجے چھٹی ہوتی ہے اور ہم تین بجے گھر پہنچتی ہیں، آپ نے جو ایک گھنٹہ بڑھایا ہے اسے کم کردیں۔
وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ بچیوں کی بات سننے کے بعد انہوں نے فوری طور پر فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آج سے اسکولوں کے اوقات کار میں بڑھایا گیا ایک گھنٹہ واپس لے لیا گیا ہے۔
سردار علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے پہلے سیلاب اور تعلیمی سرگرمیوں میں آنے والے خلل کے باعث اضافی وقت رکھا تھا تاکہ طلبہ اپنا تعلیمی نصاب مکمل کرسکیں. تاہم بچوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اب اس فیصلے میں تبدیلی کردی گئی ہے۔
Comments
0 comment