سانحہ 9 مئی ڈیجیٹل دہشت گردی، عدالت نے پی ٹی آئی کے حامی یوٹیوبرز اور صحافیوں کو عمر قید کی سزا سنادی
ویب ڈیسک
|
2 Jan 2026
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات سے متعلق مختلف مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے یوٹیوبر عادل راجہ، چند معروف صحافیوں اور فوج کے سابق افسر کو دو، دو بار عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق سزا پانے والوں میں صحافی وجاہت سعید خان، صابر شاکر، شاہین سہبائی، اینکر پرسن حیدر رضا مہدی، تجزیہ کار معید پیرزادہ اور سابق فوجی افسر اکبر حسین شامل ہیں۔ تمام ملزمان کے خلاف مقدمات کی سماعت غیر موجودگی میں مکمل کی گئی۔
یہ مقدمات سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ہونے والے ہنگاموں سے متعلق ہیں، جن کے دوران مختلف سرکاری اور فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔
استغاثہ کا مؤقف تھا کہ ملزمان نے سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیزی پھیلائی اور عوام کو تشدد پر اکسانے میں کردار ادا کیا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے تمام شواہد اور دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلے سنائے۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق ان افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں ریاست کے خلاف جنگ چھیڑنے یا اس کی کوشش اور مجرمانہ سازش جیسے سنگین الزامات شامل تھے۔
عدالت نے دو الگ الزامات پر عمر قید کے ساتھ ساتھ ہر جرم پر پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے، جبکہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔
Comments
0 comment